تحریک انصاف نے گیس کے نرخوں میں 36 فیصد اضافے کو مستردکردیا
لاہور(این این آئی ) تحریک انصاف نے گیس کے نرخوں میں 36 فیصد اضافے کو مستردکرتے ہوئے وفاقی حکومت سے ظالمانہ فیصلہ فوری واپس لینے اور سستے داموں گیس کی فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کردیا ۔ اپنے ایک بیان میں تحریک انصاف کے رہنماء اسد عمر نے کہاکہ پاکستانی معیشت ملکی تاریخ کے بدترین دور سے گزر رہی ہے ۔ملکی معیشت کو تاریخ کی کم ترین سرمایہ کاری ،بلند ترین شرح بیروزگاری ،قرضوں کے حجم میں ریکارڈ اضافے اور برآمدات میں بدترین گراوٹ کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ ایک برس کے دوران عالمی سطح پر گیس کی قیمتوں میں انتہائی تیزی سے کمی آئی یوں محسوس ہوتا ہے کہ حکومت جان بوجھ کر صنعتوں کا جنازہ نکالنے پر بضد ہے۔اسد عمر نے کہاکہ وزیر اعظم کے دور حکومت کے پہلے تین برس کے دوران برآمدات میں ریکارڈ 20 فیصد کمی آئی ۔ٹیکسٹائل کا شعبہ خاص طور پر حکومتی ظلم, بدانتظامی اور نااہلی کا بدترین شکار ہوا۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) نے بجلی،گیس اور صنعتی ان پٹس جیسے بنیادی اجزا کو عوام اور کاروباری طبقے سے پیسہ ہتھیانے کا وسیلہ بنا رکھا ہے اورکاروباری لاگت میں غیر معمولی اضافہ کے بوجھ سے ملکی معیشت کی عمارت شکست و ریخت سے دوچار ہے۔انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت گیس کی قیمت بڑھانے سے باز رہے اور اس حوالے سے اپنا فیصلہ فوری واپس لے ۔