عالمی برادری کشمیری میں بھارتی مظالم رکوانے کیلئے فیصلہ کن اقدامات کرے :آصف زرداری
اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر اورسابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے بین الاقوامی برادری سے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں عوام پر کئے جانے والے ظلم کو روکنے کے لئے فیصلہ کن انداز میں اقدامات کریں۔ایسا نہ ہو کہ بہت دیر ہو جائے اور کشمیر کے عوام ظلم تلے دب کر رہ جائیں۔ کشمیر کے عوام اپنا حق خودارادی مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے اور بین الاقوامی برادری نے کشمیر کے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ انہیں ان کی قسمت کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے گا اور یہ حق کسی بھی ظلم سے ان سے چھینا نہیں جا سکتا۔ پیر کی شام اسلام آباد سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ کشمیر میں ظلم کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ وہاں سیاسی اسیروں کے ساتھ غیرانسانی سلوک کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برہان وانی کی شہادت 9جولائی 2016ء سے ہیں کشمیری لیڈر یاسین ملک قید تنہائی میں اور ان کی صحت مسلسل گرتی جا رہی ہے۔ ڈاکٹروں نے کہا ہے کہ ان کی صحت کو خطرات لاحق ہیں اور مقبوضہ کشمیر کی انتظامیہ سے کہا ہے کہ انہیں انتہائی نگہداشت میں رکھا جائے لیکن انتظامیہ کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ بین الاقوامی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام پر ظلم و زیادتی روکنے کے لئے اقدامات اٹھائیں۔