بیلف پر حملہ کرنے والے پولیس اہلکاروں کو معطل کرنے کا حکم
لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہورہائیکورٹ نے عدالتی احکامات پر عملدرآمدنہ کرنے اور بیلف پر حملہ کرنے والے پولیس اہلکاروں کو معطل کرنے کا حکم دے دیا۔جسٹس سرفرازڈوگرنے سرگودھاکی رہائشی جویریہ عروج کی درخواست پر سماعت کی،درخواست گزارکے مطابق تھانہ بھیرہ سرگودھا نے شہری لیاقت علی کو غیرقانونی تحویل میں لے رکھاہے،عدالت سے استدعاکی گئی کہ شہری کو بازیاب کرواکر رہاکرنے کا حکم دیاجائے،عدالتی بیلف نے رپورٹ پیش کی کہ بیلف جب تھانہ بھیرہ سرگودھا پہنچاتو ایس ایچ او ،سب انسپکٹر اور تھانہ محررنے ان پر حملہ کردیا اور انھیں تشددکانشانہ بنایاجس پر عدالت نے عدالتی احکامات پر عملدرآمدنہ کرنے اور بیلف پر حملہ کرنے والے پولیس اہلکاروں کو معطل کرنے کا حکم دیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی،کیس کی مزید سماعت 15اکتوبرکوہوگی۔