نیشنل ایکشن پلان پرعمل درآمد کیلئے وفاقی و صوبائی حکومتوں سے جواب طلب
لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہورہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس شاہد کریم نے نیشنل ایکشن پلان پرعمل درآمد کیلئے دائر درخواست پر وفاقی حکومت،وفاقی وزارت داخلہ اور حکومت پنجاب اوردیگر مدعا علیہان سے جواب طلب کر لیاہے۔درخواست گزار عبداللہ ملک کے وکیل اظہر صدیق نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ پنجاب حکومت نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل درآمد نہیں کر رہی جس کی وجہ سے صوبے میں امن و امان کے مسائل میں کمی نہیں ہو رہی۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب نے نیشنل ایکشن پلان کے 20نکات میں سے صرف 8نکات پر عمل درآمد کیا جبکہ 12نکات کو نظر انداز کردیا جو حکومتی نااہلی کو ظاہر کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں امن و امان کی بہتری اور دہشت گرد ی کے مکمل خاتمے اور قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے احکامات صادر کئے جائیں۔