3سال میں دوبارہ عمرہ کرنے پر 2ہزارریال فیس کیخلاف ٹریول ایجنٹس کا ملک گیرا احتجاج کا فیصلہ
لاہور(میاں اشفاق انجم سے)سعودی حکومت کاتین سال میں دوبارہ عمرے پر 2ہزار ریال فیس وصولی کا فیصلہ،دنیا بھر کے مسلمانوں میں تشویش،ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان کا ملک گیر احتجاج پر غور،مختلف شہروں میں مذہبی و سیاسی جماعتوں اور سماجی شخصیات کے ساتھ رابطے،حکمت عملی طے کرنے کے لیے اجلاس طلب،حکومت سے فی الفور معاملہ سعودی حکومت کے ساتھ اٹھانے کا مطالبہ،سعودی فیصلہ منظور نہیں عمرہ سیزن میں سعودی کمپنیوں کے ساتھ معاہدوں پر نظر ثانی یا بائیکاٹ کا آپشن موجود ہے ،نعیم شریف۔ سعودی حکومت کی طرف سے تین سال میں ایک سے زائد مرتبہ عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والے عمرہ زائرین کے لیے دو ہزار ریال اضافی فیس عائد کرنے پر مصر اور دیگر مسلمان ملکوں کی طرح پاکستان میں بھی شدید تشویش پائی جا رہی ہے ،ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن نے سعودی اقدام کے خلاف ملک گیر احتجاج کی تیاریاں شروع کر دیں ،مختلف شہروں میں سیاسی و مذہبی جماعتوں اور سماجی شخصیات کے ساتھ رابطے ،حکمت عملی طے کرنے کے لیے اجلاس طلب ،حکومت سے فی الفورمعاملہ سعودی حکام کے ساتھ اٹھانے کا مطالبہ۔تفصیلات کے مطابق سعودی حکومت نے اپنی ڈوبتی معیشت کو سہارا دینے کے لیے عمرہ زائرین پر دو ہزار ریال اضافی ٹیکس عائد کر دیا ہے ،اس فیصلے کا اطلاق ان زائرین پر ہو گا جنہوں نے 1435-1436یا 1437ھ میں عمرہ کیا تھا اور اب 1438ھ کے عمرہ سیزن میں دوبارہ عمرے کے خواہش مند ہیں۔سعودی حکومت کے نئے فیصلے کے تحت اب عمرہ زائرین کو تین سال میں ایک ہی بار عمرہ کرنے کی اجازت ہو گی تا ہم اگر کوئی تین سال کے اندر ایک سے زائد بار عمرہ کی سعادت حاصل کرنا چاہتا ہے تو اس کے لیے 2ہزار ریال اضافی ٹیکس ادا کرنا ہوگا یوں 70سے90ہزار میں ہونے والا عمرہ اب ڈیڈھ لاکھ سے بھی زائد میں ادا ہو گا ،سعودی حکومت کے اس اقدام کے خلاف پاکستان دنیا بھر میں عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے خواہش مند افراد میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ،نعیم شریف نے کہا سعودی حکومت کی جانب سے نئی عمرہ فیس کسی صورت قابل قبول نہیں اس اقدام کے خلاف پاکستان بھر میں احتجاج کیا جائے گا آئندہ عمرہ سیزن میں سعودی کمپنیوں کے ساتھ معاہدوں پر نظر ثانی یا بائیکاٹ کا آپشن بھی موجود ہے ،انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سعودی عرب کے ساتھ معاملہ اٹھائے ،ادھر مہبی و سماجی حلقوں نے بھی سعودی حکومت کے اس فیصلے کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ عمرہ جیسی مقدس عبادت پرفیس واپس لینے کا فیصلہ لیا جانا چاہیے واضح رہے کہ پاکستان سے ہر سال تقریاََ دس لاکھ سے زائد افراد عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے لیے سعودی عرب کا سفر کرتے ہیں پاکستان عمرے اور حج کی سعادت حاصل کرنے کے حوالے سے دنیا کا دوسرا بڑا ملک ہے ہر سال سب سے زیادہ عمرہ اور حج کی سعادت حاصل کرنے والوں میں مصر پہلے نمبر پر ہے ،مصر میں بھی سعودی حکومت کے فیصلے کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے ،انڈونیشیاء میں بھی سعودی حکومت کے خلاف احتجاج کی اطلاعات ہیں۔