میری ٹائم سیکورٹی اور کسٹم کی مشترکہ کارروائی 60کروڑ مالیت کی چرس بر آمد
کراچی (سٹاف رپورٹر) پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی اور کسٹم پروینٹو ایم ایم سی گوادر کی پاک ایران بارڈر پر مشترکہ کاروائی 60کروڑ روپے مالیت کی ایک ٹن سے زائد اعلیٰ کوالٹی کی چرس بر آمد ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل ریئر ایڈمرل جمیل اختر نے ہیڈ آفس میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی نے خفیہ اطلاع پر سمندری راستوں کی نگرانی سخت کر دی ۔ گزشتہ شب کھلے سمندر میں پاک ایران بارڈر پر 2بوٹس کی مشکوک حرکتوں پر میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کی فاسٹ رسپونس بوٹس نے ان کا تعاقب کیا ۔ اسمگلرز نے چرس سے بھرے بوٹ میں سوراخ کر کے رات کے اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے جبکہ میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی نے دوسری بوٹ کو قبضے میں لے کر تلاشی لی جس سے ایک ٹن سے زائد اعلیٰ کوالٹی کی چرس بر آمد ہوئی منشیات کشتی کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی تھی انہوں نے کہا کہ چرس کی بین الاقوامی مارکیٹ میں 60کروڑ روپے بنتی ہے ۔ منشیات پاکستان کسٹم پرونیٹو ایم ایم سی گوادر کلکٹریٹ کے حوالے کر دی گئی تاکہ قانونی کاروائی عمل میں لائی جا سکے۔ ایک سوال کے جواب میں ڈی جی میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی نے کہا کہ دشمنوں کو منہ توڑ جواب دینے کے لئے میری ٹائم سیکورٹی سیکورٹی ایجنسی پاک بحریہ کے شانہ بشانہ ہیں دھونس اور دھمکیوں کے ذریعے ہمیں دبایا نہیں جا سکتا ۔ دشمن نے طالع آزمائی کی کوشش کی تو اسے صفحہ ہستی سے مٹا دینگے ۔ انہوں نے کہا کہ سمندری حدود کی حفاظت کے لئے مزید 8جہاز اگلے سال پی ایم ایس اے کے بیڑے میں شامل ہو جائیں گے۔ سمندری آلودگی پر سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ روزانہ 4ملین گیلن فضلہ بغیر ٹریٹمنٹ کے سمندر میں گرایا جا رہا ہے جبکہ 8ہزار ٹن سالٹ ویسٹ سمندر برد کیا جا رہا ہے جو نسل انسانی سمیت آبی مخلوق کے لئے بھی نقصان دہ ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کی آویئرنس پر زور دیا۔ پاکستان کسٹم کلکٹریٹ گوادر کے کلکٹر سعید اکرم نے میڈیا کو بتایا کہ سمندر میں منشیات کے خلاف یہ بہت بڑی کاروائی ہے ۔ پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی اور پاکستان کسٹم نے ہمیشہ سماج دشمنوں کے خلاف کاروائیاں کی ہیں اور یہ تعاون آگے بھی جاری رہے گا۔ ملک کی تمام ایجنسیز کسٹم کے ساتھ مل کر نارکوٹکس کے خلاف بر سر پیکار ہیں۔ انہوں نے تعاون پر میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کا شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کموڈر عبد الماجد ، لیفٹیننٹ کمانڈر واجد نواز، لیفٹیننٹ عمران بھلائی، اسسٹنٹ کلکٹر کسٹم گوادر کلیم اللہ ، سپرنٹنڈنٹ اینٹی اسمگلنگ کسٹم گوادر محمد سلیم کھوکھر و دیگر افسران بھی موجود تھے۔