لندن / واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)قیمتی موبائل فون اگر پانی میں ڈوب جائے تو اس میں نمی ختم کرنے کے لیے اسے پر ہیئر ڈرائیر آزمانے کے علاوہ اسے کچے چاول کی بوری میں دبادیا جاتا ہے یا پھر اوون میں رکھ دیتے ہیں لیکن اب ایک کمپنی کا دعویٰ ہے کہ ان کا تیار کردہ خاص ڈبہ ایک گھنٹے سے بھی کم وقت میں فون کی ساری نمی ختم کرسکتا ہے۔یہ لنچ بکس کی شکل کی ایک مشین ہے جو ایک طرح کا گرم ویکیوم چیمبر ہے اور وہ بہت مؤثر انداز میں اسمارٹ فون کی نمی کو جذب کرسکتی ہے۔ 2011 میں اس کمپنی کے نائب سربراہ جوئے ٹرسٹی کی بیگم نے ان کا فون واشنگ مشین میں دھودیا تھا۔ اس کے بعد جوئے نے ایک ری ڈکس مشین بنائی اور اپنا فون زندہ کردکھایا اور اس کے چند ہفتوں بعد انہوں نے ریڈکس مشین کا پہلا تجارتی نمونہ بھی تیار کرلیا۔اس کے بعد گزشتہ برس امریکہ میں موبائل سروس فراہم کرنے والی اہم کمپنی ویرائزن نے ان سے 700 مشینین خرید کر انہیں 38 بڑے شہروں میں لگایا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ مشین موبائل فون سے پانی، شربت اور سافٹ ڈرنک وغیرہ کو 100 فیصد جذب کرلیتی ہے لیکن 100 فیصد فونز کو بحال کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی ہے۔ ایک اندازے کے مطابق اس کی کامیابی کا تناسب 84 فیصد ہے جو ایک اچھی شرح ہے۔