مسلم لیگ (ن) کے مرکزی عہدیداروں کے چناؤ کیلئے 18اکتوبر کو اجلاس طلب
اسلام آباد(آئی این پی )مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عامہ کا انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کافیصلہ،مرکزی عہدیداروں کے چناؤ کیلئے 18اکتوبر کو پارٹی کی جنرل کونسل کا اجلاس طلب کرلیا گیا،پارٹی الیکشن کرانے کیلئے چوہدری جعفر اقبال کی صدارت میں الیکشن کمیشن قائم کردیا گیا،اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف قرارد مذمت بھی منظور کی گئی۔پیر کو وزیراعظم محمد نوازشریف کی زیرصدارت ن لیگ کی مرکزی مجلس عامہ کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے پارٹی کے اندر الیکشن کرانے کیلئے شیڈول پیش کیا جسے مرکزی مجلس عامہ نے متفقہ طور پر منظور کرلیا،شیڈول کے تحت پارٹی کی جنرل کونسل کااجلاس منعقد ہوگا۔جس میں پارٹی کے صدر کا انتخاب کیا جائے گا جبکہ سیکرٹری جنرل سمیت دیگر عہدیداروں کی نامزدگی کی جائے گی۔پارٹی انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن قائم کیا گیا ہے جو چوہدری جعفر اقبال کی سربراہی میں کام کرے گا،افضل چانڈیو،میر افضل،نجم حمید اور افضل جدون کمیشن کے ممبران ہونگے،مجلس عامہ کے اجلاس میں تمام ممبران نے شرکت کی جبکہ سابق مرکزی سیکرٹری جنرل اقبال ظفر جھگڑا کو خصوصی دعوت پر مدعو کیا گیا کیونکہ گورنر کے پی کے بننے کے بعد وہ پارٹی کے عہدیدار نہیں رہے ۔اس موقع پر اجلاس میں پارٹی کیلئے سابق سیکرٹری جنرل کی خدمات کو بھی شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔اجلاس میں مسلم لیگ کے رہنما صدیق الفاروق کے بیٹے کی وفات پر فاتحہ خوانی بھی کرائی گئی۔(خ م+ع ع)