شاہد آفریدی اور جاوید میانداد کے درمیان عدالتی جنگ کا امکان
کراچی (سپورٹس ڈیسک،این این آئی) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے لیجنڈری کپتان جاوید میانداد کو سپاٹ فکسنگ کا الزام لگانے پر قانونی نوٹس بھجوانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے 2 سابق کپتان باہم دست و گریباں ہیں اور ایک دوسرے پر الزامات لگا رہے ہیں۔ ایک کپتان شاہد آفریدی نے جاوید میانداد پر الزام لگایا کہ انہیں پیسوں کا مسئلہ رہا ہے تو جواب میں انہوں نے بھی کہہ دیا کہ آفریدی نے کئی میچ بیچے اور وہ اس بات کے گواہ ہیں۔ میانداد کی جانب سے براہ راست ذاتی الزام لگنے کے بعد شاہد آفریدی نے انہیں قانونی نوٹس بھجوانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ سابق کپتان شاہد آفریدی نے قریبی دوستوں سے مشاورت کے بعد اپنے قانونی ماہرین کو لیگل نوٹس کی تیاری کی ہدایت کر دی ہے اور اس بات کا امکان ہے کہ محرم الحرام کی چھٹیوں کے بعد جاوید میانداد کو لیگل نوٹس بھیج دیا جائے گا، دوسری طرف شاہد آفریدی جاوید میانداد نے بھی انہیں کرارا جواب دینے کا اعلان کردیا، کہتے ہیں نوٹس ملے گا تو بھرپور جواب دوں گا۔گزشتہ روز نازیبا زبان استعمال کی تو سوشل میڈیا پر کڑی تنقید کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد اپنے بیان پر افسوس کا بھی اظہار کیا تاہم اب انہوں نے جاوید میانداد کیخلاف قانونی کارروائی کیلئے مشاورت شروع کردی ہے۔سابق کپتان اور لیجنڈ کرکٹر جاوید میانداد نے بھی شاہد آفریدی کو کرارا جواب دینے کا اعلان کیا ہے، کہتے ہیں قانونی نوٹس ملے گا تو بھرپور جواب دوں گا۔