رینجرز چوکیوں پر حملے میں ملوث سیاسی جماعت کا دہشتگرد گرفتار
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں حساس ادارے نے کارروائی کرتے ہوئے رینجرز چوکیوں پر حملے میں ملوث سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے ملزم کو گرفتار کر لیاہے۔تفصیلات کے مطابق شاہ فیصل کالونی میں حساس ادارے نے چھاپہ مار کر رینجرز چوکیوں پر حملے کا ملزم گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ملزم عمران عرف عمیا کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے۔ ملزم کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ ملزم نے ساتھیوں کے ہمراہ لیاقت آباد اور کورنگی میں رینجرز کی چوکیوں پر گزشتہ سال حملے کئے تھے۔ رینجرز نے چوکیوں پر حملے میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کیا ہے جبکہ حساس ادارے نے رینجرز چوکیوں پر حملوں میں ملوث چوتھا ملزم بھی گرفتار کر لیا ہے۔