پاکستان کی خوشحالی کیلئے دیرپا امن بہت اہم ہے،اے پی بی ایف
کراچی:(اسٹاف رپورٹر)آل پاکستا ن بزنس فورم کی جانب سے منعقدہ اہم کانفرنسوں میں شرکاء نے مرکوز بات چیت کے ذریعے خوشحال،پر امن اور تشد سے پاک ترقی یافتہ پاکستان کیلئے روڈ میپ تیار کرلیا ہے ۔آل پاکستان بزنس فورم کی جانب سے چار مختلف شہروں میں منعقدہ ان کانفرنسوں میں تبادلہ خیال کے ذریعے جدید پاکستان کی تشکیل کیلئے روڈ میپ کو حتمی شکل دینے کیلئے تجاویز دی گئیں،ان کانفرنسوں میں میڈیا نمائندگان،سول سوسائٹی،چیمبرز آف کامرس،مختلف تجارتی تنظیموں،صنعتکاروں،قانون نافذ کرنیو الے اداروں کے نمائندوں نے پاکستان میں امن کے قیام کے حوالے سے قیمتی تجاویز پیش کیں۔ان کانفرنسوں کے شرکاء کا اس بات پر اتفاق تھا کہ دہشتگردی کے باعث پاکستا ن کو معاشی طور پر بے پناہ نقصان پہنچا ہے اور دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑے بغیر امن و خوشحالی کا تصور ممکن نہیں ہے ،لہذا ہمیں بھی ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سنجیدہ اور ٹھوس کوششیں کرنا ہونگی۔ آل پاکستان بزنس فورم کے صدرابراہیم قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ترقی،سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور سازگار کاروباری ماحول کی فراہمی کیلئے معاشرے کے ہر فرد کا کردار انتہائی اہم ہے،ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خوشحالی کیلئے پائیدار اور دیرپا امن انتہائی اہم ہے اور ہمیں امن کے قیام کیلئے دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہوگا،کانفرنسز کے شرکاء نے اس موقع پر آل پاکستا ن بزنس فورم کے صدر ابراہیم قریشی کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس اہم موضوع پر کانفرنسز کا انعقاد کرکے پاکستان میں امن کے قیام اور خوشحالی کیلئے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو پلیٹ فارم مہیا کیا اور ٹھوس تجاویز پر مبنی ایک روڈ میپ تیار کیا جس کی مدد سے ملک میں دہشتگردی کے خاتمہ کرکے خوشحالی کے سفر کو تیز کیا جاسکتا ہے ۔آل پاکستا ن بزنس فورم کی جانب سے گاہے بگاہے ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ اور ملک کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کیلئے سیمینارز اور کانفرنسز کا اہتمام کیا جاتا رہتا ہے جس میں مختلف اسٹیک ہولڈرز کو ایک جگہ جمع کرکے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے حوالے سے تجاویز اور سفارشات پر مبنی سیر حاصل گفتگو کی جاتی ہے اور ان مسائل کے ٹھوس حل پیش کئے جاتے ہیں۔