گیس کی قیمتوں میں اضافہ پررابطہ کمیٹی کی مذمت
کراچی (اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان ) کے اراکین قومی اسمبلی نے اوگرا کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں 36فیصد اضافے کی منظوری دینے کے فیصلے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور اس فیصلے کو سراسر عوام دشمن اقدام قرار دیتے ہوئے ناقابل قبول قرار دیا ہے ۔ اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہاکہ ملک بھر میں مہنگائی کا جن بے قابو ہے ، کرپشن عروج پر ہے لیکن حکومت اداروں میں موجود کرپشن اور ملک میں مہنگائی کے خاتمے کیلئے عملی اور مثبت اقدامات کرنے کے بجائے گیس کی قیمتوں میں بلاجواز اضافہ کرکے عوام پرمزید بوجھ ڈال رہی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ انہوں نے کہاکہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ کا فیصلہ اوگرا کی کھلی ناکامی ہے اور اپنی ناکامی کو چھپانے کیلئے عوام پر گیس کی قیمتوں کا اضافی بوجھ ڈالنا سراسر ظلم ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں گیس کے بڑے ذخیرے کی موجودگی کے باوجود اس کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کا فیصلہ سمجھ سے بالاتر ہے جس سے صاف ظاہر ہے کہ اوگرا میں کرپشن عروج پر ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں عوامی مفاد کے برخلاف فیصلوں کو حکومت کی جانب سے سنجیدگی سے لینا چاہئے اور اس مد میں عوام کو ریلیف ک دینا چاہیے ۔ اراکین قومی اسمبلی نے وزیراعظم نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ اوگرا کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں اضافے کوفی الفور واپس لیا جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے ۔