ٹرمپ کو ایک اور بڑا جھٹکا، امریکی ایوان نمائندگان کے سپیکر بھی حمایت سے دستبردار
واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)خواتین سے متعلق بیانات کا بھانڈا پھوٹنے پر تنقید کے شکار ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک اور بڑا جھٹکا لگ گیا، امریکی ایوان نمائندگان کے سپیکراور ری پبلکن پارٹی کے اہم رہنما پال رائن نے بھی ٹرمپ کی حمایت سے دستبرداری کا اعلان کردیا ہے،پال رائن کا کہنا ہے کہ خواتین سے متعلق بیانات کے بعد وہ اپنی ہی جماعت کے صدارتی امیدوار کا دفاع نہیں کریں گے۔چند دن پہلے ڈونلڈ ٹرمپ کی خواتین کے بارے میں نازیبا گفتگو کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد وہ شدید مشکلات میں ہیں، اس سے پہلے بھی رپبلکن پارٹی کے ایک درجن کے قریب سینیئر رہنماٹرمپ کو ووٹ دینے سے انکار کرچکے ہیں۔ دوسری جانب پال رائن کی جانب سے حمایت سے دستبرداری کے اعلان کے بعد صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ سپیکر کو ان سے لڑائی میں اپنا وقت ضائع نہیں کرنا چاہیے۔