پاکستانی وزیراعظم سی پیک پر عملدرآمد کیلئے پرعزم ہیں، منصوبہ خطے میں ترقی کا پیغام لائیگا: چینی میڈیا
بیجنگ (آئی این پی) چینی ذرائع ابلاغ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کی حمایت اور اس کو مکمل کرنے کے عزم کے سلسلے میں پاکستان کے وزیر اعظم میاں نواز شریف کی زبردست تعریف کررہا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق چائنا ڈیلی نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے کئی مواقع پر اعلان کیا ہے کہ سی پیک منصوبہ پاکستان اور خطے کے ممالک کے لئے گیم چینجر ثابت ہو گا اس سے چین سینٹرل ایشیاء،جنوبی ایشیاء، مشرق وسطیٰ اور پاکستان کے تین ارب سے زیادہ عوام کیلئے ترقی و خوشحالی کا پیغام لائے گا ،چین پاکستان اقتصادی راہداری بیلٹ اینڈروڈ منصوبے کا حصہ ہے ، جس کا اعلان تین سال پہلے کیا گیا تھا ، اس منصوبے کے علاقائی عالمی معیشت اور طویل المیعاد بین الاقوامی اقتصادی پیداوار پر بھی اثرات مرتب ہوں گے۔
روزنامہ پاکستان کی تازہ ترین اور دلچسپ خبریں اپنے موبائل اور کمپیوٹر پر براہ راست حاصل کرنے کیلئے یہاں کلک کریں
چین ذرائع ابلاغ کے مطابق سی پیک کے ذریعے پاکستان میں بنیادی ڈھانچہ بڑی تیزی سے ترقی کررہا ہے، دریں اثناءاگست میں پاکستان کے صوبے پنجاب میں شورکوٹ سے خانیوال تک 64کلومیٹر ایم فور ہائی وے کی تعمیر پر کام کا آغاز ہوا ، پاکستان کا یہ پہلا منصوبہ ہے جس کو چین کے ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بنک کی مالی معاونت حاصل ہے، چینی میڈیا کے مطابق اقتصادی شاہراہ ریشم جو چین کو مرکزی اور مغربی ایشیا ءکے زمینی راستوں سے یورپ کو ملاتی ہے اور اکیسویں صدی کی بحری شاہراہ ریشم جو چین کو جنوب مشرقی ایشیاء، افریقہ اور یورپ کو سمندر کے ذریعے ملاتی ہے ، چینی صدر شی جن پنگ کا منصوبہ ہے ، یہ منصوبہ ان ممالک کی طویل المیعاد ترقی اور حقیقی فوائد کا حامل ہے۔