آرمی چیف کی وزیراعظم سے ملاقات، عسکری ادارے کے خلاف خبر کی شکایت، نواز شریف کی یقین دہانی
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم میاں نواز شریف سے چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کی ملاقات، ملاقات میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان، وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر بھی موجود تھے،قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس سے متعلق انگریزی اخبار میں شائع ہونے والی من گھڑت خبر پر تشویش کا اظہار ، پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا قومی سلامتی اور مفادات سے متعلق امور بارے رپورٹنگ کرتے ہوئے افواہوں پر مبنی رپورٹنگ سے پرہیز کریں۔
روزنامہ خبریں کے مطابق وزیراعظم میاں نواز شریف سے چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے پیر کے روز ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان، وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر بھی موجود تھے۔ ملاقات میں قومی و علاقائی سلامتی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے شرکاءنے گذشتہ ہفتے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں زیربحث آنے والے قومی سلامتی کے امور سے متعلق انگریزی اخبار میں شائع ہونے والی من گھڑت خبر پر تشویش کا اظہار کیا۔
روزنامہ پاکستان کی خبریں اپنے ای میل آئی ڈی پر حاصل کرنے اور سبسکرپشن کیلئے یہاں کلک کریں
اجلاس کے شرکاءنے متفقہ طور پر کہا کہ شائع شدہ خبر قومی سلامتی کے امور کے حوالے سے رپورٹنگ کے بین الاقوامی اصولوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ اس خبر میں غلط اور گمراہ کن مواد کے ذریعے سے قومی مفادات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے۔ ان حقائق کا اجلاس میں ہونے والی اصل بات چیت اور حقائق سے کوئی تعلق نہیں۔ اجلاس کے شرکاءکا کہنا تھا کہ یہ ضروری ہے کہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا قومی سلامتی اور مفادات سے متعلق امور کے بارے میں رپورٹنگ کرتے ہوئے افواہوں پر مبنی رپورٹنگ سے پرہیز کریں۔ وزیراعظم نے اس خلاف ورزی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ اس کے ذمہ داران کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔ اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاک فوج اور خفیہ ادارے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قائدانہ کردار ادا کرتے رہیں گے اور یہ جنگ بغیر کسی امتیاز کے بہتر طریقے سے آگے بڑھ رہی ہے اور اس پر تمام شراکت داروں کا مکمل اتفاق ہے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پی ایم اے کاکول میں تربیتی سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کیڈیٹس کیلئے انتظامی سہولیات کو سراہا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے پیر کو پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کا دورہ کیا دورے کے مقصد کیڈیٹس کیلئے تربیتی سرگرمیوںاور پی ایم اے کی استعداد بڑھانے کے منصوبوں کا جائزہ لینا تھاجبکہ انہوں نے چوتھی پاکستان بٹالین کا افتتاح کیا۔ آرمی چیف نے تربیتی امور میں بہتری اور کیڈیٹس کیلئے انتظامی سہولیات کو سراہا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف نے زور دیا کہ مستقبل کی قیادت ہر طرح کی پیشہ ورانہ تربیت پر توجہ مرکوز رکھے۔
آرمی چیف نے کہا کہ اعلیٰ درجے کی پیشہ ورانہ اقدار، فخر اور باہمی ہم آہنگی کی بنا پر ہم تمام چیلنجوں کو موثر انداز میں مقابلہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ہمارے افسروں نے فرنٹ سے قیادت کرنے کی قابل فخر روایت برقرار کھی۔ قبل ازیں پی ایم اے آمد پر چیف آف آرمی سٹاف کا استقبال آئی جی (ٹی اینڈ ای) لیفٹیننٹ جنرل قمر جاوید باجوہ اور کمانڈنٹ ملٹری اکیڈمی میجر جنرل ندیم رضا نے کیا۔