فری موٹر بائیک ایمبولینس سروس کا آغاز

فری موٹر بائیک ایمبولینس سروس کا آغاز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پنجاب حکومت نے عوام کو گنجان آباد علاقوں اور تنگ گلیوں میں فوری طبی امداد مہیا کرنے کے لئے فری موٹر بائیک ایمبولینس سروس مہیا کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو نہایت خوش آئند ہے۔ ابتدائی طور پر پنجاب کے 9ڈویژنل ہیڈ کواٹرز میں 900 موٹر بائیکس ایمبولینس سروس کے لئے مختص کی گئی ہیں۔ ہیوی موٹر بائیکس کو تربیت یافتہ ایمرجنسی میڈیکل سٹاف کے حوالے کی گئی ہیں۔ہر موٹر بائیک پر ٹراما کٹ، ائر وے اور برن کٹ، پورٹ ایبل آکسیجن سلنڈرز، گلوکومیٹر، پلس آکسی میٹر، سرویکل کالر، سپلنٹس، آٹومیٹیڈ ایکسٹرنل ڈیفیبربلیٹر اور دیگر ضروری ادویات رکھنے کے لئے جگہ بنائی گئی ہے۔ خصوصی تربیت یافتہ عملے کو چوبیس گھنٹے ٹریفک حادثات، آگ لگنے، آندھی اور طوفانی بارش سے متاثرہ افراد کو تقریباً وہی ابتدائی طبی امداد مہیا کرنے کا بندوبست کیا گیا ہے، جو ہسپتال کی ایمرجنسی میں حاصل ہوتی ہے۔ موٹر بائیک ایمبولینس کو بھی پہلے سے فعال 1122 ایمبولینس کی طرح فون کال کے ذریعے بلانے کی سہولت رکھی گئی ہے۔

یہ شکایت عام ہے کہ مکان کی دیوار یا چھت گر جائے، بازاروں، کاروباری مراکز اور دیگر ایسے ہی مقامات پر 1122ایمرجنسی ایمبولینس اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں تنگ گلیوں اور گنجان آبادیوں میں نہیں پہنچ سکتیں اور امدادی کارروائیوں میں سخت مشکلات اور رکاوٹیں پیش آتی ہیں زخمیوں اور آگ سے متاثرہ افراد کوہنگامی طور پر طبی امداد بھی مہیا نہیں کی جا سکتی ۔ موٹر بائیک ایمبولینس سروس کے ذریعے تنگ گلیوں میں بھی متعلقہ سٹاف آسانی سے پہنچ کر متاثرہ لوگوں کو طبی امداد مہیا کر سکے گا اور قیمتی جانیں بچائی جا سکیں گی۔ تربیت یافتہ ایمرجنسی میڈیکل سٹاف کو تیز رفتار موٹر بائیکس پر اپنے فرائض انجام دینے کی خصوصی ٹریننگ دی گئی ہے۔قوی امید ہے کہ ہنگامی طور پر ابتدائی طبی امداد کے لئے جن ادویات اور دیگر سامان کی ضرورت ہوتی ہے، اس کی فراہمی مسلسل ہو گی اور متاثرہ لوگوں کی مدد میں کوئی رکاوٹ نہیں ہو گی۔ اس سہولت کو ترجیحی بنیادوں پر مہیا کرنے کے لئے ادویات اور دیگر ضروری سامان کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

مزید :

اداریہ -