مقامی ریٹیل ٹریڈ وفد ی صدر اسلام آباد چیمبر سے ملاقات

مقامی ریٹیل ٹریڈ وفد ی صدر اسلام آباد چیمبر سے ملاقات

  

اسلام آباد ( آن لائن ) مقامی ریٹیل ٹریڈ کے ایک وفد نے اسلام آباد چیمبرکے صدر شیخ عامر وحید سے ملاقات کی اور پاکستان سٹینڈرڈ اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کی طرف سے دکانوں پر چھاپے مارنے کے بارے میں شدید تشویش کا اظہار کیا۔ وفد نے شیخ عامر وحید کو بتایا کہ پاکستان سٹینڈرڈ اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کے افسران پولیس کے ہمراہ جس انداز سے دکانوں پر جا رہے ہیں اس سے معروف کارباری اداروں کی ساکھ کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے شیخ عامر وحید پر زور دیا کہ وہ اس مسئلے کے بہتر حل کیلئے اپنا کردار ادا کریں تا کہ تاجر برادری پرسکون ماحول میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کی کوشش کرے۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات کاروباری سرگرمیوں کیلئے ہمیشہ نقصان دہ ثابت ہو تے ہیں لہذا انہوں نے پاکستان سٹینڈرڈ اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ اگر انہیں کسی بھی تاجر یا کاروباری ادارے سے کوئی شکایت ہے تو چھاپہ مارنے کی بجائے پہلے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور متعلقہ مارکیٹ یونین کو اعتماد میں لیا جائے تا کہ تاجر برادری میں خوف و ہراس پیدا کرنے کی بجائے بات چیت کے ذریعے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی جائے۔

انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ اس حوالے سے جلد ہی اسلام آباد انتظامیہ اور پاکستان سٹینڈرڈ اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کے اعلیٰ افسران سے رابطہ کر کے انہیں تاجر برادری میں اس بنا پر پائی جانے والی تشویش سے آگاہ کریں گے اور اس مسئلے کا کوئی متفقہ حل تلاش کرنے کی کوشش کریں گے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید اور نائب صدر نثار احمد مرزا نے کہا کہ تاجر کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دے کر معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں لیکن حکومتی اداروں کی طرف سے ایسی کارراوئیوں کی وجہ سے ان کی حوصلہ شکنی ہوتی ہے جو معیشت کیلئے کسی بھی لحاظ سے فائدہ مند نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجائے چھاپے مارنے کے اگر بات چیت کے ذریعے معاملات کو نمٹانے کی کوشش کی جائے تو معیشت کو نقصانات سے بچایا جا سکتا ہے۔انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ چیمبر اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرنے کی کوشش کرے گا۔ڈیواٹسن گروپ کے چیئرمین ظفر بختاوری ، محمد اعجاز عباسی، چوہدری فرزند، احسن ظفر بختاوری، مشرف جنجوعہ، خالد چوہدری، عزت بخش، سعید احمد بھٹی، وقاص جنجوعہ اور دیگر وفد میں شامل تھے۔

مزید :

کامرس -