محکمہ زراعت پنجاب جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے جعلی ادویات کیخلاف مہم تیز کرے گا

محکمہ زراعت پنجاب جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے جعلی ادویات کیخلاف مہم تیز کرے گا

  

 لاہور(کامرس رپورٹر)محکمہ زراعت پنجاب نے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے جعلی زرعی ادویات کے خلاف مہم مزید تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا ، جعلی ادویات کیخلاف محکمہ زراعت کی جاری مہم کو مزید موثر بنانے کے لیے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔جعلی ادویات کے خلاف منصوبہ بندی کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی ۔ یہ فیصلہ ایک اہم اجلاس میں کیا گیا ۔ اجلاس میں یہ بھی طے کیا گیا کہ جعلی ادویات کے فروغ کی روک تھام کے لیے موثر حکمت عملی مرتب کی جائے گی ۔ اس حکمت عملی پر مسلسل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ روزانہ کی بنیاد پر جعلی ادویات کے خلاف مہم کا جائزہ لیا جائے گا اور اسے مزید موثر بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے ۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ محکمہ زراعت کی جعلی ادویات کے خلاف مہم کو کامیابی سے جاری رکھنے کے لیے کسی قسم کا دباؤ برداشت نہیں کیا جائے گااور اس گھناؤنے کاروبار میں ملوث افراد سے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی ۔ محکمہ زراعت کے آفیسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فراہم کر دہ اینڈرائیڈ فونز کے ذریعے ادویات کے نمونہ جات حاصل کریں ۔پیسٹ سکین ایپلیکیشن کے ذریعے ان نمونہ جات کی تفصیلات حاصل کریں۔ محکمہ زراعت شعبہ پیسٹ وارننگ نے افسران کو 327اینڈرائیڈ فونز فراہم کیے ہیں جن کے ذریعے جعلی ادویات کے خلاف موثر مہم چلائی جائے گی ۔

مزید :

کامرس -