مدنی دستر خوانوں کیلئے مخیر حضرات کی تلاش ، اسسٹنٹ کمشنر ز کو ٹاسک مل گیا ، روٹی بینک کیلئے جگہ حکومت دے گی

مدنی دستر خوانوں کیلئے مخیر حضرات کی تلاش ، اسسٹنٹ کمشنر ز کو ٹاسک مل گیا ، ...

  

لاہور (نمائندہ پاکستان) کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے کہا ہے کہ مدنی دستر خو انوں کو پورا سال فعال رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور آبادی کے اعتبار سے پاکستان کا دوسرا بڑا شہر ہے۔ اس کی آبادی تقریبا سوا کروڑ ہے۔ اتنے بڑے شہر میں غریب، نادار افراد کی تعداد بھی کافی ہے اس لیے رمضان المبارک کے علاوہ بھی مدنی دسترخوانوں کو پورے سال فعال رکھا جانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنے اپنے علاقوں میں مخیر حضرات کے ساتھ بات چیت کرکے اس عظیم مقصد کے لیے ان کو ساتھ ملائیں اور منظم منصوبہ بندی کرکے مزیددسترخوان شروع کریں۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک لاہور میں 35 مستقل مدنی دسترخوان اور سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر اہتمام 4 مستقل دسترخوان کام کر رہے ہیں جو کہ ناکافی ہیں۔ ان دسترخوانوں کی تعداد میں اضافہ کرنا انسانیت کی خدمت کے جذبے کے تحت نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوٹ خواجہ سعید شاد باغ، شاہدرہ، میاں میر کے نزدیکی علاقے، شالامار و دیگر علاقوں میں ایسے دسترخوانوں کو مستقل قائم کرنا ازحد ضروری ہے تاکہ نادار لوگ سارا سال وہاں سے کھانا کھا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ بادامی باغ لاری اڈا کے قریب نادار، غریب مسافروں اور مزدوروں کی بڑی تعداد ہے وہاں پر بھی مدنی دسترخوان کی اشد ضروری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مدنی دستر خوان سیلانی ٹرسٹ کے زیر اہتمام دسترخوانوں کے لیے انتظامیہ ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیلانی ٹرسٹ کے زیر اہتمام ’’روٹی بینک‘‘ کے لیے انتظامیہ ہر صورت مناسب جگہ مہیا کرے گی جہاں سے نادار لوگ مکمل کھانا حاصل کر سکیں گے تاکہ ان کی اور ان کے خاندان کی سفید پوشی برقرار رہے اور ان کو عوامی جگہ پر بیٹھ کر کھانا کھانے کی آزاری سے بچایا جا سکے۔ سیلانی ٹرسٹ نے کہا کہ وہ رواں ماہ پانچ مزید دسترخوان قائم کریں گے جس کے لیے انتظامیہ ہماری مدد کر رہی ہے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -