پنجاب حکومت نے ڈپٹی میئر ز کو بھی با اختیار بنانے کا فیصلہ کرلیا،کمیٹی تشکیل
لاہور(جنرل رپورٹر،نمائندہ پاکستان)پنجاب حکومت نے ڈپٹی میئرز کو بھی اختیارات دینے کا فیصلہ کرلیا۔ زونزکے اختیارات اور کام تفویض کرنے کے لئے لارڈمیئر کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے اور ایکٹ میں ترمیم پر بھی کام شروع کر دیا گیا۔ اس بابت تمام معاملات کا جائزہ لینے کے لئے لارڈ میئر کرنل مبشر، ڈپٹی میئر وسیم قادر، محکمہ فنانس، محکمہ بلدیات اور محکمہ قانون کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی زونز کو انتظامی اور مالی معاملات میں با اختیار بنانے اورزونز کے کام کرنے کے طریقہ کار کے بارے میں تجاویز پیش کرے گی۔ میٹروپولیٹن کارپوریشن کی جانب سے ڈپٹی میئرز کو زونز تفویض کرنے کے بعد محکمہ بلدیات کمیٹی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔ذرائع کے مطابق ڈپٹی میئرز کو اختیارات دینے کے لئے لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں گنجائش پیدا کرنے کے لئے ترامیم پر بھی کام شروع کردیا گیا اور آئندہ آنیوالے دنوں میں اس ترامیم کو ترجیحی بنیادوں پر کر کے زونز کی کارکردگی اور ڈپٹی میئرز کے ابہامات کو بھی دور کیا جائے گا۔