بس اڈوں کا لائسنس معیاری انتظامات کے ساتھ مشروط کر دیا گیا

بس اڈوں کا لائسنس معیاری انتظامات کے ساتھ مشروط کر دیا گیا

  

لاہور(جنرل رپورٹر) ڈی سی لاہور سمیر احمد سید کی زیر صدارت بس اڈوں ، بس باڈی بلڈنگ ورکشاپس کی سالانہ لائسنس تجدید کے حوالے سے ایک اجلاس ڈی سی آفس میں ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری آر ٹی اے غیاث الدین ، ایڈمنسٹریٹر لاری اڈا شاہد کلیانی اور اڈا مالکان نے شرکت کی۔اجلاس میں عبداللہ ٹریولز، نیشنل ایکسپریس، میاں ٹریولز ، نیو خان، احمد ٹریولز، سکائی ویز، نیو رہبر، نیازی اور لوکل بس اڈوں کے کیسوں کاجائزہ لیا گیا۔بس اڈوں میں منظور شدہ جگہ سے زائد جگہ شامل کرنا، روٹ سے زیادہ گاڑیاں چلانا، صفائی ستھرائی کے بہتر انتظام نہ ہونے جیسی خلاف ورزیاں پائی گئیں ۔ اس موقع پر ڈی سی لاہور سمیر احمد سیدنے کہا کہ اڈا لائسنس ہولڈرز ایک ماہ کے اندر اندر سیکرٹری آر ٹی اے آفس کے مطابق انتظامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ لائسنس کی تجدید کو ایک ماہ کے اندر اندر انتظامات مکمل کرنے کے ساتھ مشروط کر دیا گیا۔ ڈی سی لاہور نے کہا کہ جو اڈا لائسنس ہولڈرز ایس او پی کے مطابق انتظام نہ کرے گا ان کے اڈا لائسنس کی تجدید نہ کی جائے گی۔ اجلاس میں 6بس باڈی بنانے والی ورکشاپس کے لائسنس کی تجدید کا جائزہ بھی لیا گیا۔ ڈی سی لاہور سمیر احمد سید نے کہا کہ سیکرٹری آر ٹی اے اور ایڈ منسٹریٹرلاری اڈاورکشاپس کے حوالے سے ایس او پی بنائیں اور اگلے اجلاس میں اتھارٹی کو دیں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -