پنجاب بھر میں سکیورٹی کیلئے1لاکھ 25ہزار پولیس اہلکار وافسرڈیوٹی دینگے آئی جی پنجاب

پنجاب بھر میں سکیورٹی کیلئے1لاکھ 25ہزار پولیس اہلکار وافسرڈیوٹی دینگے آئی جی ...

  

لاہو ر(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب، کیپٹن( ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ صوبے کے تمام اضلاع میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے اور حساس مجالس اور جلوسوں کو 4لئیر سیکیورٹی فراہم کرنے کیلئے پنجاب پولیس کے ایک لاکھ 25ہزارسے زائد افسران و اہلکارسیکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے ۔ انہوں نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام آرپی اوز اور ڈی پی اوزاپنے اضلاع اور ڈویژن کے بڑے اور حساس جلوسوں اور مجالس کا سیکیورٹی پلان خودتشکیل دیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں کوڈیوٹی سے قبل موجودہ حالات کے تناظر میں ڈیوٹی کی نوعیت اور حساسیت کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر بریفنگ دی جائے تا کہ وہ اپنے فرائض بطریق احسن اور بھرپور جذبے سے سر انجام دے سکیں۔انہوں نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جلوسوں اور مجالس کے اوقات کار کی پابندی پر عملد رآمد ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے اور تمام اضلاع کے حساس جلوسوں اور مجالس کے مقامات کے گرد روزانہ کی بنیاد پر سرچ، سویپ اور کومبنگ آپریشنز کئے جائیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گز شتہ روز سنٹرل پولیس آفس لاہور میں آر پی اوز اور ڈی پی اوز سے ویڈیولنک کانفرنس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔

کانفرنس میں ایڈیشنل آئی جی ڈسپلن اینڈ انسپکشن اعجاز حسین شاہ ، ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی امجد جاوید سلیمی ، ایڈیشنل آئی جی آپریشنزمحسن حسن بٹ ، ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ اظہر حمید کھوکھر، ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب، عامر ذوالفقار، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ 1سلمان احمد چوہدری ، آر پی او سرگودھا ذوالفقار حمید ، ڈی آئی جی ڈسپلن اینڈ انسپکشن شہزادہ سلطان ، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ 2 خرم علی شاہ ، ڈی آئی جی سپیشل برانچ زعیم اقبال شیخ سمیت دیگر اعلی افسران نے شرکت کی ۔

جبکہ تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے اضلاع میں سیکیورٹی پلان کے حوالے سے بریفنگ دی۔اجلاس میں آئی جی پنجاب کو بتایا گیا کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں منعقد ہونے والی 36216مجالس کی سیکورٹی کیلئے 124537اہلکار و افسران تعینات کیئے جائیں گے جن میں37398 پولیس قومی رضاکار، 5580سپیشل پولیس اور 85515والنٹئیرز بھی شامل ہونگے۔ اسی طرح عشرہ محرم کے 9173 جلوسوں کی سیکیورٹی کیلئے 135370اہلکار و افسران پر مشتمل نفری فرائض سر انجام دے گی جن میں 26534پولیس قومی رضاکار، 5590سپیشل پولیس اور67692والنٹئیرزبھی پولیس کی معاونت کریں گے۔آئی جی پنجاب نے ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے جلوسوں کے آغاز سے قبل روٹ کی سکریننگ اور سکیننگ کو ہرصورت یقینی بنایا جائے اور حساس جلوسوں اور مجالس کے ارد گرد ریڑھی ،ٹھیلے اور خوانچہ فروشوں کو بطور خاص چیک کیا جائے۔ ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی کو ہدایت دیتے ہوئے آئی جی پنجاب نے کہا کہ دوران محرم پی ایچ پی چیک پوسٹوں کے اہلکار بھی اپنے اضلاع میں مجالس اور جلوسوں کے گرد پٹرولنگ کریں اور اس ضمن میں ڈی پی اوز کی مشاورت سے جامع سیکیورٹی پلان تشکیل دیا جائے ۔ آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور ، تمام آرپی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس بات کو بطور خاص خیال رکھا جائے کہ محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کی سیکیورٹی پر مامور اہلکار اس وقت تک ڈیوٹی پوائنٹ نہ چھوڑیں جب تک آخری عزادار مجلس اور جلوس کے مقام سے چلا نہ جائے۔ جبکہ حساس جلوسوں اور مجالس کے روٹ پر آنے والی عمارتوں پر سنائیپرز بھی تعینات کئے جائیں ۔

مزید :

علاقائی -