تحریک لبیک یا رسول اللہﷺ کے زیر اہتمام ورکرزکنونشن

تحریک لبیک یا رسول اللہﷺ کے زیر اہتمام ورکرزکنونشن

  

لاہور( ایجوکیشن رپورٹر)تحریک لبیک یا رسول اللہﷺ کے زیر اہتمام جامعہ اسلامیہ نوریہ پیر روڈ میں ورکرزکنونشن کا انعقاد کیا گیا۔ورکرز کنونشن کی صدارت تحریک لبیک یا رسول اللہﷺ کے مرکزی رہنما حضرت میاں ولید احمد شرقپوری نے کی۔ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یا رسول اللہﷺ کے مرکزی سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا کہ ہم پاکستان میں امریکی نیو ورڈ آرڈر کا پوری قوّت سے رستہ روکیں گے اورپاکستان کو ہرگز امریکہ کی کالونی نہیں بننے دیں گے۔اہل حق ہر زمانے میں کسی کی پرواہ کیے بغیر پیغامِ حق سناتے آئے ہیں ،ہر دور میں یزیدیت کا راستہ روکنا حسینیت کا شیوہ رہا ہے۔عصر حاضر میں حسینیت کی وراثت تحریک لبیک یا رسول اللہﷺ کو ملی ہے۔مدارس دینیہ اسلام کے قلعے ہیں ۔

عصری تعلیم عینک کی اور دینی تعلیم آنکھ کی مانند ہے۔آنکھ سلامت ہو تو عینک کار آمد ہے آنکھ ہی نہ ہو تو عینک کا کیا فائدہ ہو سکتا ہے؟

مسلمانوں کو قرآن و سنت سے دورکرنا اسلام دشمن قوّتوں کا ایجنڈا ہے۔ امریکا کے کہنے پر قومی نصاب تعلیم کو کھوکھلا کر دیا گیا ہے ۔تحریک لبیک یا رسول اللہﷺ ہر محاذ پر ان شاء اللہ تعالیٰ متاعِ ملت کی پاسبانی کرے گی اور فتح کا پرچم گاڑے گی ۔کارکنان گلی گلی میں پھیل جائیں اورفکرِ مدینہ عام کریں ۔حضرت میاں ولید احمد جواد شرقپوری نے کہا کہ قائد اہل سنت ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے ہر فتنے کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے ہمیں ان کی قیادت پر فخر ہے۔حضرت علامہ محمد عبد الرشید اویسی نے کہا کہ کارکنان کو یہ بات ذہن میں رکھنی چاہیے کہ ہمارا مشن بڑا عظیم ہے چنانچہ اس کے لیے قربانی بھی دینی پڑے تو اس سے دریغ نہیں کرنا چاہیے ۔صاحبزادہ مرتضیٰ علی ہاشمی نے کہا کہ کارکنان تحریک کی ریڑھ کی ہڈی ہیں انہیں ہر مقام پر اہمیت دی جائے گی۔صاحبزادہ سردار احمد رضا فاروقی نے کہا ہے کہ کارکنان اور قیادت کا رشتہ روحانی ہے یہ مضبوط سے مضبوط تر ہونا چاہیے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -