محکمہ سوشل ویلفےئر و بیت المال کی یو سی ڈی پروجیکٹ کے تحت انسداد ڈینگی واک

محکمہ سوشل ویلفےئر و بیت المال کی یو سی ڈی پروجیکٹ کے تحت انسداد ڈینگی واک

  

لاہور( لیڈی رپورٹر)محکمہ سوشل ویلفےئر و بیت المال پنجاب کے زیر اہتمام یو ۔سی۔ڈی پروجیکٹ 07کے تحت گزشتہ روزیونین کونسل 239کیرکلاں گرین ٹاؤن ،یونین کونسل 237اور یونین کونسل 231میں انسداد ڈینگی واک منعقد کی گئی جس میں چےئرمین یوسی مشتاق جٹ، سوشل ویلفےئر آفیسرز مصباح زینب ، ماہ پارا ملک ، اہل علاقہ، سوشل ویلفےئر کمپلیکس کے مکینوں، علی گوہر ایجوکیشن اینڈ ویلفےئر سوسائٹی، علم و ہنرفاؤنڈیشن،آبرو ایجوکیشن اینڈ ویلفےئر آرگنائزیشن ،میاں چنن دین میموریل ویلفےئر،لاثانی ویلفےئر فاؤنڈیشن، راجہ ظفر اتحاد ویلفےئر فاؤنڈیشن،انجمن بہبود غریباں کے نمائندگان اور جامعہ پنجاب کے سوشل ویلفےئر ڈیپارٹمنٹ کے طلبہ و طالبات نے شرکت کی جبکہ قیادت کے فرائضڈسٹرکٹ سوشل ویلفےئر آفیسر فیض نعیم وڑائچ نے ادا کیے۔ واک کا مقصد بدلتے ہوئے موسم کے ساتھ ڈینگی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے احتیاطی تدابیر کی عوامی سطح پر تشہیر اور لاروا کی تلفی اور افزائش کی روک تھام سے متعلق آگاہی فراہم کرنا تھا۔

فیض نعیم وڑائچ نے اہل علاقہ کو خصوصاً خواتین اور بچوں کو گھروں کے اندر ڈینگی مچھر کی پیدائش اور افزائش کے اسباب اور ان کے سدّباب کے لیے اُٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ چےئر مین یوسی مشتاق جٹ نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب ڈینگی کے امکانات کے خاتمے کے لیے فول پروف اقدامات اُٹھا رہی ہے تاہم اتنی گنجان آبادی والے شہر میں ایک ایک گھر اور ایک ایک محلے تک پہنچنا ممکن نہیں ۔ اس حقیقت کے پیش نظر حکومت کی جانب سے یونین کونسلز کی سطح پر ڈینگی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے یو سی ڈی پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے جس کے تحت بلدیاتی حکومتوں کے نمائندگان اور ضلعی افسران کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع اور یونین کونسلز میں صفائی کو یقینی بنائیں اور اپنی مدد آپ کے تحت عوام کو ڈینگی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اور ڈینگی لاروا کی پیدائش اور افزائش کو روکنے کے لیے اُٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کریں۔ اس ضمن میں محکمہ سوشل ویلفےئر کے افسران مختلف آگاہی مہمات کا اہتمام کر کے بہترین خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ ڈسٹرکٹ سوشل ویلفےئر آفیسرنے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اہل علاقہ کے تعاون کے بغیر ڈینگی کی افزائش کے امکانات کا خاتمہ ممکن نہیں اس خطر ناک مچھر سے نجات کے لیے ہم سب کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا پڑے گا خواتین کو گھروں کے اندر صفائی کو یقینی بنانا ہوگااور ایسے مقامات پر خصوصی توجہ دینی ہو گی جہاں پانی بھر جانے یا ٹھہرا رہنے کے امکانات ہوں جبکہ مرد حضرات کو گھروں سے باہر گندگی کے ڈھیروں اورغیر ضروری اور متروکہ سامان کی بروقت تلفی کی ذمہ داری اٹھانی ہو گی تاکہ مچھر کی پیدائش کے امکانات باقی نہ رہیں۔ چےئرمین نے واک میں شریک میونسپل کمیٹی کے اراکین کو بھی ہدایت کی کہ وہ گلیوں اور محلوں کی صفائی کا خیال رکھیں اور وقتاً فوقتاً ایسے سپرے کرتے رہیں جو ڈینگی کے خاتمے میں موثر ہیں۔ واک میں شامل این جی اوز اور مختلف فلاحی اداروں کی جانب سے پبلک میں پمفلٹ بھی تقسیم کیے گئے جن پر ڈینگی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اور گھروں اور محلوں میں صفائی سے متعلق ہدایات درج تھیں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -