پاکستان، ملائشیا اور سویڈن کیساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ، صدر ممنون

پاکستان، ملائشیا اور سویڈن کیساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ، صدر ممنون

  

اسلام آباد (این این آئی)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے پاکستان، ملائشیا اور سویڈن کیساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور دونوں قریبی دوست ممالک کیساتھ تجارتی تعلقات کے علاوہ عوامی وثقافتی تعلقات میں اضافے کا خواہشمند ہے۔ صدر مملکت نے یہ بات ملائشیا کیلئے نامزد ہائی کمشنر نفیس ذکریا اور سویڈن کیلئے نامزد سفیر احمد حسین دایو سے با ت چیت کرتے ہوئے کہی جنھوں نے گزشتہ روز ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے ملائشیا کیلئے پاکستان کے نامزد ہائی کمشنر نفیس ذکریا سے کہا ملائشیا پاکستان کا قریب ترین برادر ملک اور آسیان کا اہم رکن ہے جس کیساتھ زندگی کے مختلف شعبوں میں تعلقات میں اضافے کی ضرورت ہے، آپ پاکستان اور ملائشیا کے درمیان تجارتی توازن کو بہتر بنانے ، مچھلی ، گوشت اور ڈیر ی مصنوعات کی برآمدات میں اضافے اور ان شعبوں میں پاکستان میں ملائشیا کی سرکاری و نجی سرمایہ کاری کے علاوہ مشترکہ منصوبے شروع کرنے پر توجہ دیں۔جبکہ سویڈن کیلئے نامزد سفیر احمد حسین دایو سے کہا پاکستان مختلف شعبوں ، خاص طور پر ٹیکنالوجی کے معاملات میں سویڈن سے بہت کچھ سیکھ سکتا ہے۔ انھوں نے سویڈن کیساتھ بھی تجارتی توازن کو بہتر بنانے کی ہدایت کی اور کہا دونوں ملکوں کے درمیان عوامی سطح پر رابطوں کو فروغ دیا جائے۔

مزید :

صفحہ آخر -