ماڈل ٹاؤن لنک روڈ پر شیل پمپ کی جگہ کی لیز کا معاملہ ،سیکرٹری کوآپریٹو کے حکم پر عمل درآمد روک دیاگیا

ماڈل ٹاؤن لنک روڈ پر شیل پمپ کی جگہ کی لیز کا معاملہ ،سیکرٹری کوآپریٹو کے حکم ...

  

لاہور(نامہ نگار)لاہور ہائیکورٹ نے ماڈل ٹاؤن لنک روڈ پر شیل پمپ کی جگہ کی لیز کے معاملے پر سیکرٹری کوآپریٹو کے حکم پر عمل درآمد سے روک دیاہے، عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 17نومبر تک جواب طلب کرلیاہے ۔مسٹر جسٹس شمس محمود مرزا نے ماڈل ٹاؤن کوآپریٹو سوسائٹی کی درخواست پر سماعت شروع کی تو درخواست گزار کی طرف سے سعد رسول ایڈووکیٹ پیش ہوکر موقف اختیار کیا کہ ماڈل ٹاؤن سوسائٹی کے ایڈمنسٹریٹر نے سوسائٹی قوانین کے خلاف شیل کمپنی سے لیز معاہدہ کیا اور اس لیز معاہدے میں ماہانہ انتہائی کم ریٹس پر معاوضہ کی ادائیگی طے کی گئی جس کے خلاف سوسائٹی کے ممبر عبدالحمید نے رجسٹرار کوآپریٹو کے پاس درخواست دی جس پر رجسٹرار نے ایڈمنسٹریٹر کے فیصلے کے خلاف حکم جاری کردیا، شیل کمپنی کی اپیل پر سیکرٹری کوآپریٹو نے قوانین کے برعکس رجسٹرار کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا، اور ایڈمنسٹریٹر کے فیصلے کو بحال کردیا، انہوں نے کہا کہ کم ریٹس پر اور 20سال کے لئے لیز معاہدہ غیر قانونی ہے جس سے سوسائٹی کو نقصان ہوگا جبکہ سیکرٹری کوآپریٹو کا فیصلہ قوانین کے خلاف ہے، انہوں نے استدعا کی کہ عدالت سیکرٹری کوآپریٹو کے حکم کو کالعدم قرار دے، عدالت نے دلائل سننے کے بعد سیکرٹری کے فیصلے کے خلاف حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔

مزید :

صفحہ آخر -