معاشی آزادی کی عالمی درجہ بندی میں پاکستان کی 10درجے بہتری، 127ویں نمبر پر آگیا
ٹورنٹو(مانیٹرنگ ڈیسک)معاشی آزادی کی عالمی درجہ بندی میں پاکستان کی 10 درجے بہتری ہوگئی اور 159 ممالک کی فہرست میں پاکستان کا درجہ 127 ہوگیا۔پاکستانی معاشی تھینک ٹینک پرائم اور کینیڈین فریزر انسٹی ٹیوٹ کی تازہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کی معاشی آزادی کی عالمی درجہ بندی میں 10 درجے بہتری آئی ہے جس کے بعد 159 ممالک کی فہرست میں پاکستان کا درجہ اب 127 تک پہنچ گیا جو گزشتہ سال 137 کے درجے پر تھا۔رپورٹ کے مطابق درجہ بندی میں ہانگ کانگ اور سنگاپور بدستور پہلے اور دوسرے نمبر پر، امریکا اور کینیڈا 11 ویں، جرمنی 23 ویں اور بھارت 95 ویں نمبر پر براجمان ہے۔رپورٹ کے مطابق پاکستان کی مختلف شعبوں میں کارکردگی بہتر رہی۔پاکستان کا حکومتی حجم کا 10 میں سے 7.88 کم ہوکر 7.86، لیگل سسٹم اور پراپرٹی رائٹس میں پاکستان کا اسکور 3.37 سے کم ہو کر 3.3 اور دولت تک رسائی کا اسکور 6.21 سے بڑھ کر 6.38 ہوگیا۔رپورٹ کے مطابق عالمی تجارت میں آزادی کا اسکور 5.82 سے کم ہو کر 5.77اور کریڈٹ، لیبر اور بزنس میں قانون سازی میں اسکور 6.19سے بڑھ کر 6.31 ہوگیا۔