سرکاری کالجوں میں عارضی اساتذہ کی بھرتیوں کیلئے انٹرویو مکمل، سکروٹنی آج اور کل ہو گی

سرکاری کالجوں میں عارضی اساتذہ کی بھرتیوں کیلئے انٹرویو مکمل، سکروٹنی آج ...

  

لاہور(حافظ عمران انور)پنجاب حکومت کی جانب سے صوبے کے سرکاری کالجوں میں عارضی اساتذہ کے طور پر کالج ٹیچنگ انٹرنیز کی بھرتیوں کے لئے انٹرویومکمل کر لئے گئے ۔ پرنسپل، وائس پرنسپل اور متعلقہ مضمون کے سینئر اْستاد پر مشتمل کمیٹی نے امیدواروں کے انٹرویو کئے، سکروٹنی کا عمل 11اور 12اکتوبر کو مکمل کیا جائے گا ۔تفصیلات کے مطابق پنجاب کے تمام اضلاع کے سرکاری کالجوں میں کالج ٹیچنگ انٹرنیز کی بھرتیوں کے لئے امیدواروں کے انٹرویوز مکمل کر لئے گئے ہیں ۔ لاہور کے جنرل آرٹس اینڈ کامرس کالجوں میں امیدواروں کی سکروٹنی ایم اے او کالج کے پروفیسرظفر جمال اور ان کی ٹیم کرے گی جبکہ فی میل جنرل کالجوں کی سکروٹنی جناح ڈگری کالج مزنگ کی پروفیسر ڈاکٹر طاہرہ سکندر اور ان کی ٹیم کرے گی ۔امیدواروں کی جانب سے کسی بھی قسم کی شکایات کے لئے سائنس کالج کے پروفیسر اظہار الحسن شاہ پر مشتمل کمیٹی امیدواروں کی شکایات سنے گی اور اپنی حتمی رپورٹ ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو ارسال کر ے گی جس کے بعد فائنل امیدواروں کی حتمی لسٹیں15اکتوبر کو متعلقہ کالجوں میں ہی آویزاں کی جائیں گی۔ ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے مطابق پنجاب میں لڑکے اور لڑکیوں کے جنرل کالجوں میں بائیس مضامین، کامرس کالجوں میں سات مضامین اور ہوم اکنامکس کالجز میں چار مضامین میں انٹرنیز بھرتی کیے جائیں گے ۔جنرل کالجز میں انگریزی، اْردو، پاکستان اسٹڈیز، اسلامیات، بیالوجی، ریاضی، کمپیوٹر سائنس، فزکس، کیمسٹری، ایجوکیشن، شماریات، اکنامکس، پولیٹیکل سائنس، جغرافیہ، تاریخ، فارسی، سائیکالوجی، پنجابی، ہیلتھ اینڈ فزیکل سائنسز، لائبریری سائنس، ہوم اکنامکس اور ماس کیمونیکیشن کے مضامین کے لیے بھرتیاں کی جائیں گی۔ کامرس کالجز کے لئے انگریزی، اْردو، اسلامیات، کامرس، کمپیوٹر سائنس، اکنامکس، ریاضی، شماریات کے مضامین کے لئے سی ٹی آئی بھرتی ہوں گے۔ہوم اکنامکس کالجز کے لیے ٹیکسٹائل، ہیومن ڈویلپمنٹ، شماریات، ہوم اکنامکس اور کالج کو کسی بھی دیگر مضمون میں ضرورت کے مطابق سی ٹی آئی بھرتی کرنے کی اجازت ہوگی۔محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے ان بھرتیوں کے لئے طریقہ کار اور نمبروں کا فارمولہ جاری کر دیا گیا ہے ۔کالج ٹیچنگ انٹرنیز کی بھرتیوں کی شرائط کے مطابق تعلیمی کوالیفیکیشن کے لئے 85 نمبرمختص کیے گئے ہیں جبکہ ایم فل اور پی ایچ ڈی کے لئے الگ الگ پانچ نمبردئے جائیں گے۔تعلیمی بورڈز میں پہلے تین پوزیشن ہولڈرز کو بھی پانچ ، چار اور تین نمبر اضافی دئے جائیں گے۔ ایم اے کی ڈگری میں نوے فیصد سے زائد نمبرہونے پر چالیس نمبر دئے جائیں گے۔ ایم اے میں 80 فیصد نمبر پر 36 نمبر، 70 فیصد سے زائد نمبرپر 32 نمبر، 60 فیصد سے زائد نمبر پر 28 نمبر، 50فیصد سے زائد نمبر پر چوبیس نمبر اور پچاس فیصد سے کم نمبر ہونے پر بیس نمبر دئے جائیں گے۔ بی اے کی ڈگری میں نوے فیصد نمبروں پر پندرہ نمبرمختص کیے گئے ہیں۔اسی طرح بی ایس آنرز کی ڈگری میں نوے فیصد سے زائد نمبروں پر 55 نمبرمختص کیے گئے ہیں۔ 80 فیصد سے زائد نمبر پر 49.5 نمبر، 70 فیصد سے زائد نمبروں پر 44 نمبر، 60فیصد سے زائد نمبر پر 38.5 نمبر، 50 فیصد سے زائد نمبروں پر 33 نمبر اور پچاس فیصد سے کم نمبر ہونے پر 27.5 نمبر دئے جائیں گے۔ بی ایس آنرز کی ڈگری کے ساتھ انٹرمیڈیٹ کی ڈگری کے پندرہ نمبر بھی مختص کیے گئے ہیں۔ایچ ای ڈی کے مطابق کالج ٹیچنگ انٹرنیز کو سات مہینوں کیلئے بھرتی کیا جائے گا جن کی مدت ملازمت پندرہ مئی دو ہزار اٹھارہ کو ختم ہوجائے گی ۔واضح رہے کہ کالج ٹیچنگ انٹرنیز کو تنخواہوں کی ادائیگی اب ہر مہینے کی پندرہ تاریخ تک کی جائے گی جبکہ پہلے یہ تنخواہیں سات مہینے بعد ادا کی جاتی تھیں۔

مزید :

صفحہ آخر -