پاکستا ن کے پہلے فوڈ چینل ہم مصالحہ کی گیارہویں سالگرہ کا جشن
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان میں فوڈ چینل کی بنیاد رکھنے کے بعد یوکے اور یورپ ریجن میں ٹرانسمیشن شروع کرنے والے پہلے پاکستانی فوڈ چینل ہم مصالحہ نے کراچی میں اپنی گیارہ سال کی تکمیل پر ایک جشن کا اہتمام کیا ۔ اس موقع پر خصوصی براہ راست نشریات کا اہتمام کیا گیا جس میں پاکستانی ٹیلی ویژن انڈسٹری کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی جن میں شائستہ لودھی ‘ یاسر حسین‘ کیف غزنوی‘ محمود ارشد‘ رمشا خان ‘ صنم جنگ ‘ مصباح خالد ‘ نبیل زبیری ‘ مونا عمران اور دیگر نے شرکت کی ۔پاکستان کے مایہ ناز سابق کرکٹر اور سوئنگ باؤلنگ کے سلطان وسیم اکرم اور اہلیہ شنیرا اکرم بھی تقریب کی رونق میں اضافے کیلئے موجود تھیں۔ اس موقع پر شنیرا اکرم اور وسیم اکرم کے درمیان کھیل کا جبکہ صنم جنگ اور شائستہ لودھی کے درمیان کھانا پکانے کا مقابلہ بھی ہوا۔تقریب میں ہم نیٹ ورک کے سی ای او درید قریشی اور شنیرا اکرم کے درمیان کھانا پکانے کا مقابلہ بھی ہوا جس میں ان دونوں نے ماہرانہ انداز میں اسٹیک بناکر داد وصول کی ۔تقریب کا اختتام ہم نیٹ ورک کی صدر سلطانہ صدیقی نے 200پاؤنڈز کا کیک کاٹ کر کیا ۔ہم مصالحہ نہ صرف پاکستان میں بے حد مقبول ہے بلکہ یوکے اور یورپ ریجن میں نشریات شروع ہونے کے بعد وہاں کی عوام کی توجہ کا مرکز بھی بن چکا ہے ۔ہم مصالحہ کے ساتھ پاکستان میں دیگر کئی فوڈ چینل میدان میں اُترے لیکن بہت جلد ہی پیچھے ہٹ گئے ‘ جبکہ ہم مصالحہ اپنے قیام کے گیارہ سال بعد بھی عوام میں اسی طرح سے مقبول ہے ‘ اس وقت پاکستانی عوام کیلئے کوکنگ سیکھنے کا واحد چینل ’’ہم مصالحہ ‘‘ہی ہے ۔