کشمیری نوجوان پاکستانی نوجوانوں سے زیادہ جفاکش ہیں، نعمان عبدالجبار

کشمیری نوجوان پاکستانی نوجوانوں سے زیادہ جفاکش ہیں، نعمان عبدالجبار

  

مظفرآباد(بیورورپورٹ) انجمن طلبہ اسلام پاکستان کے نومنتخب صدر نعمان الجبار نے کہاہے کہ کسی بھی ملک کی معیشت میں نوجوانوں کا کردار ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتاہے ، نوجوان اپنے بہترین کردار سے خطہ کی بدامنی پرقابو پاسکتے ہیں، کشمیری نوجوان پاکستانی نوجوانوں سے زیادہ جفاکش ہیں، کشمیری نوجوانوں کی صلاحیتوں میں ہجرت سے نکھار آتاہے ، انجمن طلبہ اسلام رواں ماہ پہلا ہفتہ اساتذہ دوسراسماجی راہنماؤں جبکہ تیسراہفتہ شجرکاری مہم پر لگارہی ہے ، مختلف تعلیمی اداروں میں نشہ کیخلاف مہم کاباقاعدہ آغاز کردیاہے ،مقبوضہ کشمیر ، برما کے مظلوم مسلمانوں کی آواز اٹھانے کیلئے مختلف پلیٹ فارم مہیا کررہے ہیں، مسلمانوں پر مظالم کی آواز کواقوام عالم تک پہنچانے کیلئے انجمن طلبہ اسلام سوشل میڈیا رائٹ فار فریڈم مہم پر کام کررہی ہے ۔ ان خیالات کااظہار انجمن طلبہ اسلام پاکستان کے نومنتخب صدر نعمان الجبار نے مظفرآباد دورے کے دوران مظفرآبادپریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ انجمن طلبہ اسلام پاکستان نے ملک گیر دشمن عناصرکیخلاف تحریک چلائی ہے ۔ جس سلسلہ میں آگاہی شعور مہم کے طور پر اکتوبرکاپہلا ہفتہ ’’اساتذہ‘‘دوسراہفتہ سماجی رہنماؤں جبکہ تیسرا ہفتہ شجرکاری مہم پر صرف کرینگے ۔انہوں نے کہاکہ انجمن طلبہ اسلام وقت کے تقاضوں کو پورا رکرتے ہوے حالات واقعات کے مطابق ’’نشہ سے انکار زندگی سے پیار ‘‘ کے موضوع کے تحت پاکستان وآزادکشمیر کے سکولوں میں نشہ مضر اور حرام ہے کیخلاف آّگاہی مہم چلائیں گے ،جس میں مختلف سکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں میں سیمینار کاانعقاد بھی کیاجائیگا۔ انہوں نے کہاکہ اسوقت امت مسلمہ اغیار کے ہاتھوں یرغمال دکھائی جارہی ہے برما اور مقبوضہ کشمیر کے معصوم ومظلوم مسلمانوں پر ہونیوالے مظالم کیخلاف ڈائیلاگ کاسلسلہ شروع کیاجارہاہے جس میں ابتدائی طور پر سو شل میڈیا مہم رائٹ فار فریڈم کے نام سے امن کے علمبرداروں کو یہ بات واضح کرنا ہے کہ خطہ میں ظلم وستم سے امن کی آشا کو نقصان ہورہاہے ۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی دہشتگردی کیخلاف سیاستدانوں، ماہرین کو ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا کرنا ہے ۔ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیرکے مسلمانوں کواستصواب رائے کے مطابق ان کے حقوق دے ، کوئی بھی ڈائیلاگ کشمیریوں کومائنس کرکے قبول نہیں ہونگے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ نوجوان ہی خطہ میں بہتری کیلئے کام کرسکتے ہیں، کشمیری نوجوان ہجرت کرتے ہیں ہجرت سنت نبوی ﷺ ہے جس سے ان کی صلاحیتوں کو نکھار ملتاہے انہوں نے کہاکہ کشمیری نوجوان بسلسلہ روزگار گھر سے نکلتے ہیں توانہیں اچھے مواقعے ملتے ہیں جس سے ان کی صلاحیتوں میں نکھار آتاہے ۔ انہوں نے اس موقع پر کہاکہ نوجوان تعلیم پر فوکس کریں تاکہ حالات کا مقابلہ کیاجاسکے ۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -