دسمبر میں انٹر نیشنل میراتھن ریس کرائی جائے گی : ڈی جی سپورٹس

دسمبر میں انٹر نیشنل میراتھن ریس کرائی جائے گی : ڈی جی سپورٹس

  

پشاور (سپورٹس رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبر پختونخوا جنید خان نے کہا ہے کہ لندن طرز پر انٹرنیشنل میراتھن ریس دسمبر میں کرائی جائے گی جس میں 30 ممالک کے اتھلیٹس حصہ لیں گے پوزیشن لینے والے اتھلیٹس میں دو لاکھ ڈالر انعامی رقم تقسیم کی جائے گی، نیشنل میراتھن ریس بھی دسمبر میں ہوگی جس میں سے انٹرنیشنل میراتھن ریس کے لئے پاکستانی اتھلیٹس کا انتخابات کیا جائے گا۔وہ پشاور کے دورے پر آئے ایسوسی ایشن آف انٹرنیشنل سپورٹس پریس (اے آئی پی ایس) کے وفد، جس میں قطر کے مبارک محمد، باسیم راواس، نیپال کے نرنجن راجباشی، پرکاش اور چینی تائپے کی ہی لون چی شامل تھے، کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کر رہے تھے، ڈائریکٹر جنرل امور نوجوانان اسفندیار خٹک، اے آئی پی ایس ایشیا کے سیکرٹری امجد عزیز ملک نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ قبل ازیں غیر ملکی وفد نے قیوم سپورٹس کمپلیکس، پشاور کا دورہ کیا اور وہاں کھیلوں کی سہولیات کا جائزہ لیا۔ جنید خان نے کہا کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لئے ہر سال انڈر 23 یوتھ گیمز کرائے جاتے ہیں پچھلے سال گیمز میں نوہزار کھلاڑیوں نے حصہ لیا تھا اسی سال 12 ہزار مرد وخواتین کھلاڑیوں کو کھیلنے کے مواقع فراہم کئے جائیں گے ڈویژنل سطح پر جیتنے والے کھلاڑی صوبائی اور صوبائی سطح پر جیتنے والے قومی سطح کے مقابلوں میں حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یوتھ گیمز کے ذریعے نئے کھلاڑی تلاش کئے جارہے ہیں شکایات کے ازالے کے لئے موثر طریقہ کار وضع کیا گیا ہے مثبت تنقید کا خیر مقدم کیا جاتا ہے جس کے نتیجے میں خامیاں دور کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 50 تحصیلوں میں کھیلوں کے گراؤنڈز مکمل کئے گئے ہیں مزید 10 گراؤنڈ دسمبر تک مکمل کئے جائیں گے اگلے جون تک صوبے کی ہر تحصیل میں گراؤنڈ کی سہولت دستیاب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کی فلاح وبہبود اور انہیں مواقع کی فراہمی پر ایک ارب روپے خرچ کر رہی ہے بنیادی سطح پر ٹیلنٹ کو آگے لایا جارہا ہے قومی میراتھن ریس کے لئے پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کی خدمات سے استفادہ کیا جائے گا،ڈائریکٹرجنرل یوتھ آفیئراسفندیار خٹک نے کہا کہ اگلے مہینے قومی یوتھ کارنیوال کا انعقاد کیا جائے گا جس میں ملک بھر سے 25 ہزار نوجوان 30 ایونٹس میں اپنی صلاحیتوں کا اظہار کریں گے۔ اے آئی پی ایس وفد نے صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ نظامت کھیل ومور نوجوانان اور کھیلوں سے وابستہ صحافی صوبے اور ملک کا بہتر تشخص اجاگر کر رہے ہیںیہ امر خوش آئند ہے کہ سکول، کالج اور یونیورسٹی سطح کے طلبہ کھیلوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں اور حکومت انہیں مواقع فراہم کر رہی ہے، صوبہ کھیلوں میں مالا مال ہے وہ دن دور نہیں جب یہاں کے کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر نمایاں کارنامے انجام دیں گے۔بعد ازاں ڈی جی سپورٹس نے مہمانوں میں تحائف تقسیم کئے

مزید :

پشاورصفحہ آخر -