ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال ٹرسٹ کی 9منزلہ عمارت کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ،ڈاکٹر عبدالقدیرخان سمیت اہم شخصیات کی شرکت
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال ٹرسٹ کی 9منزلہ عمارت کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مہمان خصوصی چیئرمین ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال و محسن پاکستان، ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان تھے جبکہ مہمانوں میں صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق، چیئرمین پاکستان ریڈ کریسنٹ ڈاکٹر سعید الٰہی اور دیگر شامل تھے، تقریب کا سپاس نامہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال شوکت ورک نے پیش کیا۔
ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہسپتال کے ڈونرز کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر نواز شریف ایٹمی دھماکوں کی اجازت نہ دیتے تو پاکستان کبھی بھی ایٹمی طاقت نہ بنتا کیونکہ مغربی طاقتوں اور امریکہ نے ایٹمی دھماکے نہ کرنے کے لئے بھرپور دباؤ ڈالنا تھا لیکن میاں نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کرکے بہادری کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے ایٹمی منصوبہ شروع کروا کر بڑا کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں چھ ماہ میں ایٹم بم بنا سکتا ہوں تو یہ ہسپتال بنانا بڑی بات نہیں۔ ڈاکٹر ا ے کیو خان ہسپتال دو سال میں بنا کر دکھائیں گے۔ ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال بنانے میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر شوکت ورک مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں اور یہ ہسپتال بھی انہی کی مشاورت سے لاہور میں شروع کیا گیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاست دان اختلاف بھلا کر پاکستان کی ترقی میں آنے والی تمام رکاوٹوں کو کچل کر رکھ دیں اور سی پیک جیسے منصوبے مکمل کریں، اگر ایسا نہ کیا گیا تو پاکستان صدیوں پیچھے چلا جائے گا، پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اور ہمیں کشکول توڑنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال غریب و مستحق مریضوں کو علاج معالجے کی بین الاقوامی معیار کی مفت سہولیات فراہم کرے گا،مین بلڈنگ کی تعمیر سے پہلے 25بیڈز پر مشتمل ہسپتال غریبوں کو علاج معالجے کی مفت سہولیات فراہم کر رہا ہےجبکہ ہسپتال سے اب تک لاکھوں مریض مستفید ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ ہسپتال کی مین بلڈنگ کی تعمیر کا آغاز ہوچکا ہے، اس لئے عوام غریبوں کے علاج معالجے میں بھرپور مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند قوم ہی ملکی ترقی کی ضامن ہے، ہمیں صحت کی سہولیات عوام کو ان کی دہلیز پر پہنچانی ہے، حکومت اکیلے کچھ نہیں کر سکتی، فلاحی اداروں کو بھی کردار ادا کرنا ہوگا۔اس موقع پر چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ صدیق الفاروق، چیئرمین پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی ڈاکٹر سعید الٰہی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال شوک ورک، ڈائریکٹر جبار مرزا اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔