بجلی چوری میں ملوث افسران کے خلاف بھی کارروائی کی جائے ، وفاقی وزیرتوانائی

بجلی چوری میں ملوث افسران کے خلاف بھی کارروائی کی جائے ، وفاقی وزیرتوانائی

لاہور( کامرس رپورٹر)وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب نے لیسکو ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے لیسکو کے چیف ایگزیکٹوسمیت دیگر اعلی افسران سے ملاقات کی۔لیسکو ترجمان کے مطابق وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب کے لیسکو ہیڈ کوارٹر کے دورے کے دوران سیکرٹری توانائی عرفان علی ، چیف ایگزیکٹو پاور انفارمیشن ٹیکنالوجی امتیاز احمد اور جی ایم پیپکو ثاقب جمال بھی موجود تھے۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو مجاہد پرویز چٹھہ نے وفاقی وزیر عمر ایوب کو کمپنی کے کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی۔چیف ایگزیکٹو نے کمپنی کے آپریشنز سرکلز ، ایم ینڈ ٹی ڈیپارٹمنٹ، ایچ آر سمیت تمام ڈیپارٹمنٹس کے حوالے سے بریفنگ دی۔ وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب اور سیکرٹری توانائی عرفان علی نے لیسکو چیف سمیت تمام افسران کی کمپنی کی ترقی کے لئے کی گئی کاوشوں کو سراہا ، ساتھ ہی ساتھ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ لیسکو میں بجلی چوری اور رشوت ستانی کے مکمل خاتمے کے لئے سسٹم کومزید مظبوط کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ان معاشرتی علتوں کا تدارک کیا جاسکے۔ وفاقی وزیر عمر ایوب کا کہنا تھا کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے کے لئے ضروری ہے کہ ایسے افسران کے خلاف بھی کارروائی کی جائے جو براہ راست بجلی چوری میں ملوث ہوں یا ان کی نااہلی یا غفلت کے باعث محکمے کو نقصان اٹھانا پڑے۔ان کا کہنا تھا کہ وزارت توانائی اس حوالے سے پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر ایک ٹاسک فورس کا قیام بھی عمل میں لارہی ہے جس کا بنیادی مقصد کرپشن اور بجلی چوری کا مکمل تدارک ہے۔چیف ایگزیکٹو لیسکو مجاہد پرویز چٹھہ نے اس موقع پر وفاقی وزیر اور سیکرٹری توانائی کو بتایا کہ لیسکو کے پاس افرادی قوت کی شدید کمی ہے جس بناء پر آپریشن کے معاملات چلانے میں بارہا مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

، جبکہ لیسکو کے پاس جونئیر انجینئرز کنڑیکٹ پر تین سال سے زائد عرصہ سے کمپنی میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ چیف ایگزیکٹو نے وفاقی وزیر اور سیکرٹری توانائی سے درخواست کی کہ نئی بھرتیوں کے ساتھ ساتھ پہلے سے کام کررہے انجینئرز کو مستقل کیا جائے تاکہ کمپنی کی کارکردگی مزید بہتر بنائی جاسکے۔ وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب نے چیف ایگزیکٹو کو ہدایت جاری کی کہ اس حوالے سے سفارشات منسٹری بھجوائی جائیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر مثبت پیش رفت کی جائے گی۔اس موقع پر جی ایم آپریشن چوہدری محمد انور، جی ایم ٹیکنیکل خالد سعید اختر، ڈی جی ایمپیمینٹیشن خالد ناصر، سی ایس ڈی مجاہد سعید رانا، چیف انجینئر آپریشن چوہدری محمد امین،ڈائریکٹریچ آر آضیہ شعیب،چیف انجینئرمحمد ناصر، لیسکو کے تمام سرکلز کے ایس ایز بھی موجود تھے۔

مزید : کامرس