ز رعی ترقی کیلئے نئی تحقیقات کی طرف جانا ہوگا،چودھری سرور

ز رعی ترقی کیلئے نئی تحقیقات کی طرف جانا ہوگا،چودھری سرور

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی )گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ زراعت ہماری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ موجودہ دَور میں علم کی بنیاد تحقیق پر ہے ، ہمیں اپنی زراعت کے مسائل کو حل کرنے کے لئے نئی نئی تحقیقات کی طرف جانا ہوگا، یونیورسٹیوں میں فیصلہ سازی کے عمل میں وائس چانسلرز کو بااختیار بنایا جائے گا۔اْنہوں نے کہا کہ تحقیق میں جدت لاکر فصلوں کی زیادہ سے زیادہ پیداواری صلاحیت حاصل کر کے زرعی شعبہ میں انقلاب لایا جاسکتا ہے۔ یہ بات اْنہوں نے آج یہاں گورنر ہاؤس لاہور میں پنجاب کی زرعی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد،ایرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی راولپنڈی، زرعی یونیورسٹی ملتان،یونیورسٹی آف ویٹننری اینڈ اینیمل سائنسز لاہور اور چولستان ویٹننری یونیورسٹی بہالپور کے وائس چانسلرز موجود تھے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ زرعی یونیورسٹیوں کا کاشتکاروں کے ساتھ خصوصی کوآرڈی نیشن ہونا چاہئے تاکہ انہیں زراعت سے متعلقہ جو مسائل اور مشکلات ہیں ان کا فوری ازالہ ہوسکے۔ ہمیں اپنے طلبہ و طالبات کو نالج،سکل اور ٹیکنالوجی سیکھانی ہے تاکہ وہ پروفیشن میں جاکر عملی طور پر ملک و قوم کی خدمت کرسکیں۔گورنر نے کہا کہ ملک میں اعلیٰ اور معیاری تعلیم کے فروغ اور قومی ترقی کے اہداف حصول میں یونیورسٹیوں کا کردار ناگزیر ہے جنہیں تعلیم کے ساتھ ساتھ طلباء وطالبات کی کردار سازی پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔ اجلاس کے دوران گورنر پنجاب کو یونیورسٹیوں میں اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کے عمل کو مزید بہتربنانے کے لئے وائس چانسلرز کی طرف سے مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔ اس موقع وائس چانسلر یونیورسٹی آف ویٹننری اینڈ اینیمل سائنسز لاہو پرو فیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا نے پروفیسرزاور اساتذہ کی طرف سے ڈیم فنڈ کے لئے اکٹھے کئے گئے16لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔
چودھری سرور

مزید :

صفحہ آخر -