سعد رفیق کی حفاظتی ضمانت بارے درخواست آج سماعت کیلئے مقرر

سعد رفیق کی حفاظتی ضمانت بارے درخواست آج سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد(صباح نیوز) مسلم لیگ (ن)کے رہنما خواجہ سعد رفیق کی حفاظتی ضمانت بارے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست آج سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی۔ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی درخواست کی سماعت کرینگے۔تفصیلات کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے درخواست میں موقف اپنایا کہ نیب نے 20مارچ کو پیراگون سٹی کی تفتیش میں طلبی کے نوٹس جاری کیے، نوٹس کے جواب میں 28مارچ کو تحریری جواب اور متعلقہ دستاویزات جمع کرائیں، نیب کی ہدایت پر5اپریل کو مزید دستاویزات جمع کرائیں۔ درخواست میں کہا گیاہے کہ میں کبھی پیراگون سٹی کا ڈائریکٹر یا شیئرہولڈر نہیں رہا۔ سعد رفیق نے درخواست میں کہا ہے کہ انہیں عام انتخابات سے قبل بھی نیب کی جانب سے نوٹس جاری کئے گئے تھے اور حال ہی میں بھی نوٹس جاری ہوئے ہیں لیکن انہیں خدشہ ہے کہ انہیں گرفتار کیاجا سکتا ہے لہٰذااسلام آباد ہائی کورٹ15دن کیلئے حفاظتی ضمانت دے تاکہ دو ہفتوں کے اندر وہ نیب میں پیش بھی ہوں اور اس کیساتھ ٹرائل کورٹ سے بھی رجوع کر سکیں ۔ درخواست میں چےئرمین نیب اور ڈی جی نیب لاہور کو فریق بنایا گیا ہے ۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ ان کے خلاف جتنی بھی شکایات ، انکوائریاں یا تحقیقات چل رہی ہیں ان کا ریکارڈ بھی اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔

سعد رفیق /حفاظتی ضمانت

مزید : صفحہ آخر