آئی ایم ایف سے قرضے کا حصول ، حکومت سیاسی جماعتوں اور قوم کو اعتماد میں لے ، سراج الحق
لاہور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ عوام کی ترقی کی گاڑی نہ صرف اپنی جگہ رکی ہوئی ہے، بلکہ ڈھلوان کی طرف تیزی سے جار ہی ہے ۔ خدانخواستہ کونسی ناگہانی ضرورت آن پڑی ہے جس نے حکومت کو اپنے تمام دعوے اور وعدے بھول کر آئی ایم ایف کے در پرحاضر ہونے کے لیے مجبور کردیاہے ۔ قوم پہلے ہی قرضوں میں جکڑی ہوئی ہے، مزید قرضہ لیا گیا تو آنے والی نسلیں قرضوں کے بوجھ تلے مزید دب جائیں گی ۔ اس لیے حکومت کو اس مسئلے پر پارلیمنٹ میں بحث کر کے سیاسی جماعتوں اور قوم کو اعتماد میں لیناچاہیے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں برادر تنظیمات کے مرکزی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ و دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ عبوری حکومت نے بھی روپے کی قدر میں کمی کی تھی اور موجودہ حکومت نے روپے کو کاغذ کا ایک بے وقعت ٹکڑا بنا کر رکھ دیاہے ۔انہوں نے کہاکہ قرضوں سے نجات کا ایک ہی راستہ ہے کہ اسلام کا معاشی نظام نافذ اور سود کا خاتمہ کیا جائے ۔ حکومت کے اپنے بیان کے مطابق 8 ارب ڈالر صرف سود کی قسط ادا کرنی ہے، مزید قرضے لینے سے سود کی قسط مزید بڑھے گی ۔ سود ادا کرنے کے لیے مزید قرض لیا جارہاہے ۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ عوام پر بجلی ، پٹرول قیمتوں میں اضافہ اور بھاری ٹیکسوں کا بوجھ لادیا گیاہے ۔ اخراجات کم کرنے کے بجائے ہر چار دن بعد وزارتوں میں اضافہ کیا جارہاہے ۔ کیا ایک مقروض ملک ان عیاشیوں اور اللے تللوں کا متحمل ہوسکتاہے؟۔ مسائل کا حل ملک میں اسلامی انقلاب ہے ۔
سرا ج الحق