افسران ضمنی انتخابات میں الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد یقینی بنائیں ، آئی جی

افسران ضمنی انتخابات میں الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد یقینی ...

لاہور (کر ائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب محمد طاہر نے کہا ہے کہ ضمنی الیکشن کے موقع پر متعلقہ اضلاع میں الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر عمل در آمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے جبکہ پولیس افسران واہلکار مکمل غیر جانبداری کے ساتھ فرائض سر انجام دیتے ہوئے لاؤڈ اسپیکر ایکٹ ، اسلحہ کی نمائش ، ہوائی فائرنگ کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی میں رعایت نہ برتیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قتل ، ڈکیتی ، اغواء برائے تاوان سمیت اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کیلئے جاری کریک ڈاؤن میں مزید تیزی لائی جائے بالخصوص بچوں اور خواتین کوظلم وبد اخلاقی کا نشانہ بنانے والے ملزمان کے خلاف ڈی پی اوز اپنی نگرانی میں فوری کارروائی کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حساس پولنگ اسٹیشنز پرتعینات افسران واہلکار ہائی الرٹ ہو کرخلو ص نیت اور جذبہ حب الوطنی کے ساتھ پیشہ ورانہ فرائض سر انجام دیں اور پولنگ ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کوتازہ کھانااور پانی ڈیوٹی کے مقام پر بروقت پہنچایا جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمانہ امور کی انجام دہی میں سزا و جزا،میرٹ کی پاسداری اور شفافیت کے عمل کو ترجیح دی جائے اور تفتیشی افسران کی استعداد کار بڑھانے کیلئے ریفریشر کورسز اور تربیتی ورکشاپس کے انعقاد میں مزید تیزی لائی جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ آر پی اوز ، ڈی پی اوز ویڈیو لنک کانفرنس میں سینئر پولیس افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا۔

مزید : علاقائی