الخدمت فاؤنڈیشن آزمائش کی گھڑی میں انڈونیشین بھائیوں کے ساتھ ہے،عبدالشکور

الخدمت فاؤنڈیشن آزمائش کی گھڑی میں انڈونیشین بھائیوں کے ساتھ ہے،عبدالشکور

لاہور(پ ر) الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے ابتدائی مرحلے میں پالو شہر میں 200 متاثرہ خاندانوں میں اشیائے خورونوش پر مشتمل فوڈ پیکجز تقسیم کردیئے گئے ۔الخدمت فاؤنڈیشن کے نیشنل افیئرز کے ڈائریکٹر جلیل حسن نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرین میں فوڈ پیکجز تقسیم کئے۔مرکزی صدر محمد عبدالشکور نے الخدمت فاؤنڈیشن کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کی جانب سے انڈونیشیا میں زلزلہ اور سونامی کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں پر شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم انڈونیشین بھائیوں کے ساتھ ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پاکستانی قوم آزمائش کی اس گھڑی میں اپنے مصیبت زدہ بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انڈونیشیاکے جزیرے سلاویسی کے شہر پالو میں آنے والے ہولناک زلزلے اور سونامی کے فوری بعد الخدمت فاؤنڈیشن نے وہاں کی مقامی معاون رفاعی تنظیموں کے ساتھ ملکر ریلیف آپریشن کا آغاز کردیا تاکہ جتنی جلدی ممکن ہو زیادہ سے زیادہ متاثرین تک امداد پہنچائی جا سکے۔ امدادی کارروائیوں کا سلسلہ تاحال جارہی ہے جو کہ آخری متاثرہ شخص کی بحالی تک جاری رہے گا۔ ابتدائی مرحلے میں پالو شہر میں 200 متاثرہ خاندانوں میں اشیائے خورونوش پر مشتمل فوڈ پیکجز تقسیم کئے گئے ہیں جبکہ بڑے پیمانے پر ہونے والے تباہی کے باعث ابھی بھی ایک بڑے ریلیف آپریشن کی ضرورت ہے۔ تمام پاکستانیوں سے اپیل ہے کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں الخدمت فاؤنڈیشن کا ساتھ دیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1