اعلیٰ تعلیم کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،راجہ یاسر ہمایوں

اعلیٰ تعلیم کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،راجہ یاسر ہمایوں

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیر برائے ہائر ایجوکیشن پنجاب راجا یاسر ہمایوں سرفراز نے کہا ہے کہ اعلیٰ تعلیم کا فروغ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اوراعلیٰ تعلیم کے تمام اداروں کو تحقیق کے سنٹر آف ایکسی لینس بنائیں گے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی شعبہ انفارمیشن مینجمنٹ کے زیر اہتمام ’’انفارمیشن مینجمنٹ اینڈ لائبریرز ‘‘ کے موضوع پر یونیورسٹی لاء کالج کے آڈیٹوریم میں منعقدہ دوسری تین روزہ عالمی کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر محمد نظام الدین ، وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد، چیئرمین شعبہ انفارمیشن مینجمنٹ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود ، کانفرنس چیئر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین، دنیا بھر سے 400سے زائد محققین اور سکالرز اور طلباؤ طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ راجا یاسر ہمایوں سرفراز نے کہا کہ ہمیں لائبریرینز کو تربیت دینے کی ضرورت ہے کیونکہ محققین کی معیاری تحقیق میں ان کی بہت اہمیت ہے ۔

حکومت صوبہ میں تحقیق کو فروغ دینے کیلئے نئے ادارے قائم کرے گی۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد نظام الدین نے کہا کہ پنجاب بھر کی لائبیریریوں میں تقریباً450 لائبریرینز کی آسامیاں خالی پڑی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جدید لائبریریوں کاتصور سائبریرز سے بدل چکا ہے۔وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد نے کہا کہ عصر حاضر میں اس مضمون کی اہمیت کے پیش نظر پنجاب یونیورسٹی کی موجودہ انتظامیہ شعبہ انفارمیشن مینجمنٹ کی توسیع کیلئے اقدامات کرے گی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1