شہباز شریف کی گرفتاری ، لیگی ارکان کا پنجاب اسمبلی گیٹ کے سامنے دھرنا

شہباز شریف کی گرفتاری ، لیگی ارکان کا پنجاب اسمبلی گیٹ کے سامنے دھرنا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر،نمائندہ خصوصی )مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی نیب کے ہاتھوں گرفتاری کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے لیگی اراکین پنجاب اسمبلی نے اسمبلی گیٹ کے سامنے دھرنا دے دیا،لیگی اراکین اسمبلی کی جانب سے پنجاب حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ بدھ کومسلم لیگ(ن)کی جانب سے سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کی گرفتاری کے معاملے پر پنجاب اسمبلی کا اجلاس نہ بلائے جانے کیخلاف اسمبلی کی سیڑھیوں پر اجلاس بلایا، تاہم انتظامیہ کی جانب سے پنجاب اسمبلی کا مرکزی گیٹ سیمنٹ کی بوریوں اور خاردار تاروں کے ذریعے بند کردیا گیا۔جس کے بعد مسلم لیگ (ن)کے اراکین اسمبلی نے دیواریں پھلانگ کر اسمبلی احاطے میں داخلے کی کوشش کی اور بعض اراکین رکاوٹیں عبور کرکے اسمبلی کے گیٹ تک بھی پہنچ گئے۔باز ؤں پر سیاہ پٹیاں باندھے لیگی اراکین اسمبلی کی جانب سے پنجاب حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی گئی۔ قائد حزب اختلاف پنجاب حمزہ شہباز نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران نیازی کے آئی ایم ایف کے پاس نہ جانے کے وعدے دھرے کے دھرے رہ گئے ، اسد عمر بھی آئی ایم ایف کے سامنے جھک گئے ، ایک دن میں ڈالر مہنگا ہونے سے ملک مزید قرضوں میں ڈوب گیا ہے ، جہانگیر ترین کو عدالت بھی جھوٹا ثابت کر چکی ہے ، عوام کو پتہ ہے کہ آپ جعلی وزیراعظم ہیں ، اگر، نوازشریف کے ساتھ مریم جیل جا سکتی ہے تو علیمہ خان پر بھی انکوائری ہونی چاہیے ، احتساب عدالت کے جج نے بھی تصدیق کی کہ نوازشریف پو کرئی کرپشن ثابت نہیں ہوسکی، شہباز شریف کو صاف پانی کیس میں بلا کر آشیانہ اسکینڈل میں گرفتار کر لیا ،عمران نیازی عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کریں ، عوام آپ کے جھوٹ مزید نہیں سن سکتی ، جن کے پاس کچھ کرنے کیلئے نہیں ہوتا وہ صرف باتیں ہی کرتے ہیں ، اقتدار میں آکر اب ملکی صورتحال کو قابو کرنا آپ کی ذمہ داری ہے ۔وہ بدھ کو احتجاجی مظاہرے سے خطاب کر رہے تھے ۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ آج پاکستان میں صرف کہنے کو ہی جمہوریت ہے ، پارلیمنٹ پر گالیاں دینے اور لعنتیں بھیجنے والے عمران نیازی آج اسمبلی کو تالہ لگا کر بیٹھے ہوئے ہیں ، جو لوگ کنٹینر پر گالیاں دیتے تھے وہ آج پارلیمنٹ میں منتخب نشستوں پر بیٹھے ہوئے ہیں ، اسد عمر ہمیشہ کہتے تھے کہ وہ آئی ایم ایف کے سامنے نہیں جھکیں گے لیکن اب سب آپ کے سامنے ہے ، عمران نیازی وہی ہیں جو کہتے تھے کہ آئی ایم ایف قرضہ لینے سے بہتر ہے کہ میں خود کشی کر لوں ۔انہوں نے کہا کہ ایک دن میں ہی ڈالر مہنگا ہوگیا اور ملک مزید قرضے کے بوجھ تلے دب گیا ،جس شخص کو پنجاب کے 11کروڑ عوام کیلئے منتخب کیا گیا وہ قتل کے مقدمے میں جان چھڑوا کر نکلے تھے ۔ نیا پاکستان بنانے کے خواب دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں ، ووٹوں پر ڈالا گیا ڈاکا ہم نے قوم کے سامنے لایا ۔ ضمنی الیکشن سے پہلے آئی جی کو بدلنا اس میں کہیں میاں محمود الرشید معاملہ تو نہیں یا اس کے پیچھے کوئی اور مقصد تو نہیں ہے ، نیازی صاحب آپ کھلاڑی رہے ہین لیکن آپ میں سپورٹس مین شپ ہوتی تو آپ کبھی ایسی حرکتیں نہ کرتے ۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ شہباز شریف کو صاف پانی کیس میں بلا کر آشیانہ اسکینڈل میں گرفتار کر لیا جاتا ہے ، احتساب کرنا ہے تو بتائیں کہ خیبرپختونخوا میں ہیلی کاپٹر پر سیر سپاٹوں میں کتنا قوم کا پیسہ لگایا گیا، آج ہم اسمبلیوں کے باہر بیٹھے ہیں ، ہم آپ کو کھلاڑی نہیں بلکہ اناڑی مانتے ہیں ، مشرف دور میں نوازشریف اور شہباز شریف سرخرو ہوئے تھے ، عمران نیازی روز نئے جھوٹ بولتے ہیں ، عوام آپ کے جھوٹ کو نہیں مانتی ، آپ نے جو وعدے عوام سے کئے تھے ان کو اب پورا کریں نہ کہ معاملے کو بار بار بدلیں ۔جو زبان آپ استعمال کر تے ہیں وہ وزیراعظم کو زیب نہیں دیتی ۔مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کا پنجاب اسمبلی کے باہر رکاوٹیں اور راستے بند کرنے کا اقدام قابل مذمت ہے،ملک وقوم اور ہماری حکومت نے پانچ سال دھرنے ، گالی اورانتشار برداشت کیا،ارکان پنجاب اسمبلی کو جمہوری حق کے اظہار سے روکنا حکومتی بوکھلاہٹ اور خوف ہے۔
مسلم لیگ (ن)

لاہور(جنرل رپورٹر ) سینئر صوبائی وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے پنجاب اسمبلی کے باہر نواز لیگ کے احتجاج پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف کیلئے ہونے والا مظاہرہ "ڈگہ کھوتی توں۔۔۔غصہ کمہار تے"کے مترادف ہے ،کاش انہیں کوئی بتائے کہ یہ مقدمات نہ تو موجودہ دور حکومت میں قائم ہوئے ہیں اور نہ ہی کاروائی کرنے والے اداروں کا پنجاب حکومت سے کوئی تعلق ہے،عبدالعلیم خان نے کہا کہ احتجاج کے نام پر پنجاب اسمبلی پر دھاوا بولنے والوں کو شرم آنی چاہیے اور قوم کو جواب دینا چاہیے کہ کل تک دوسروں کو بھاشن دینے والوں کو آج احتجاج کا کیوں خیال آ گیا ؟انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز حوصلہ رکھیں جلد اُن کے مزید کوتوت سامنے آئیں گے اور 10سال تک ملک کو بے دردی سے لوٹنے والوں کو ہر حال میں جواب دینا ہوگا اور ان کی جائیدادیں بیچنے پڑیں یا اکاؤنٹ سیز کرنے پڑے ایک ایک پیسہ واپس لینگے،انہوں نے کہا کہ ابا جی کے بعد بیٹے جی کی بھی باری آنے والی ہے ، قومی خزانہ لوٹنے والوں کو حشر عبرتنا ک ہو گا۔
علیم خان

مزید :

صفحہ اول -