فواد چودھری ،مشاہد اللہ میں پھر تلخ جملوں کا تبادلہ ،ارکان کی مداخلت پر صلح

فواد چودھری ،مشاہد اللہ میں پھر تلخ جملوں کا تبادلہ ،ارکان کی مداخلت پر صلح

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سینیٹ میں وفاقی وزیر فواد چودھری اورمسلم لیگ (ن) کے مشاہد اللہ خان کے درمیان ایک بار پھر تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا لیکن گرما گرمی کے بعد دونوں میں صلح ہوگئی۔چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے زیرصدارت گزشتہ روز اجلاس ہوا جس میں ایک بار پھر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری اور مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر مشاہد اللہ میں تلخ کلامی ہوئی اور ایوان میں شور شرابا شروع ہوگیا۔وفاقی وزیر کی ایوان میں آمد پر مشاہد اللہ نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ فواد چودھری پھر اجلاس میں شریک ہو گئے لہٰذا یہ پہلے معافی مانگیں اس پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ وزیر نے معافی مانگ لی تھی۔مشاہد اللہ کے مطالبے پر فواد چودھری نے کہاکہ میں کس بات کی معذرت کروں اور میں نے پہلے کب معذرت کی تھی؟ انہوں نے ایک بار پھر مشاہد اللہ خان پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ مشاہد اللہ نے اپنے چار بھائیوں کو پی آئی اے میں بھرتی کرایا، وہ میرے الزامات کی تردید کریں ورنہ میں اس پر قائم ہوں۔چیئرمین سینیٹ نے فواد چودھری کو الزام تراشی سے باز رہنے کی تلقین اور مشاہد اللہ سے معذرت کرنے کو کہا جس پر وفاقی وزیر نے کہا کہ ان سے کس بات کی معافی مانگوں؟فواد چودھری کے الزامات پر مشاہداللہ خان برہم ہو گئے اور انہوں نے وفاقی وزیر کے خلاف سخت زبان استعمال کی جس پر چیئرمین سینیٹ نے انہیں بھی معذرت کرنے کو کہا لیکن دونوں نے معذرت کرنے سے انکار کردیا۔وفاقی وزیر کے الزامات پر اپوزیشن اراکین نشستوں پر کھڑے ہوگئے اور ایوان میں شور شرابا شروع کردیا۔چیئرمین سینیٹ نے وفاقی وزیر فواد چودھری کو ایوان سے باہر نکالنے کی وارننگ دیتے ہوئے کہاکہ وزیر صاحب معذرت کریں ورنہ آپ کو ایوان سے باہر نکالنا پڑے گا۔چیئرمین سینیٹ کی ہدایت کے باوجود وفاقی وزیر نے معذرت سے انکار کردیا۔اس دوران وزیر مملکت شہریار آفریدی اور قائد ایوان شبلی فراز وفاقی وزیر اطلاعات کو ایوان سے لے کر باہر چلے گئے جبکہ رضا ربانی بھی مشاہد اللہ خان کو لے کر صلح کرانے لابی میں لے گئے۔دونوں رہنماؤں کے درمیان جرگہ ہوا جس میں آپس میں صلح ہوگئی جبکہ مشاہد اللہ خان اور فواد چودھری ایوان میں واپس آئے تو ممبران نے ڈیسک بجا کر دونوں اراکین کا خیرمقدم کیا۔

فواد چودھری/مشاہد اللہ

مزید : صفحہ اول