ماضی کی نا اہل حکومت نے قومی ادارے کنگال کئے ، ورثے میں تباہ حال معیشت ملی ، عثمان بزدار

ماضی کی نا اہل حکومت نے قومی ادارے کنگال کئے ، ورثے میں تباہ حال معیشت ملی ، ...

لاہور(جنرل رپورٹر) 424 خواتین پولیس اہلکاروں کی 10 ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ میں منعقد ہوئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار مہمان خصوصی تھے۔ وزیراعلیٰ نے تربیت مکمل کرنے والی خواتین پولیس اہلکاروں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کیا۔ پاس آؤٹ ہونے والی خواتین پولیس اہلکاروں کے چاق و چوبند دستے نے وزیراعلیٰ کو سلامی پیش کی۔ وزیراعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب محکمہ پولیس سمیت تمام سرکاری اداروں میں خواتین کے لئے ملازمت او رترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ لاہور سمیت مختلف شہروں میں خواتین پولیس اہلکاروں کی خاصی بڑی تعداد موجود ہے،ہم آئندہ بھی خواتین کو پولیس میں ملازمت کے بہتر مواقع فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین باصلاحیت ہیں اور مختلف شعبوں میں نمایاں مقام رکھتی ہیں اور پاس آؤٹ ہونے والی خواتین پولیس اہلکاروں نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرکے اپنی صلاحیتوں کو منوایا ہے اور مجھے یقین ہے کہ آپ عوام کی جان و مال کے تحفظ کا فریضہ بخوبی سرانجام دیں گی کیونکہ عوام میں پولیس کا تاثر درست کرنے کے لئے آپ کا کردار بنیادی ہے، آپ کی یہ ذمہ داری ہے کہ آپ مظلوم کو انصاف کی فراہمی کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس میں خواتین بطور ایس ایچ او اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر چکی ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے پہلی بار 2 خواتین کو اضلاع میں ڈسٹرکٹ پولیس افسر مقرر کیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پولیس کے بارے میں عوام کے تاثرات بہت زیادہ مثبت نہیں،ہمیں پولیس کو بدلنا ہے،ہمیں پولیس میں بھی تبدیلی لانی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ دیگر شعبوں کی طرح پولیس میں بھی تبدیلیاں ہوں گی۔ میں سمجھتاہوں کہ اس سمت میں بنیادی چیز رویوں کی تبدیلی ہے اگر پولیس کے رویوں کو تبدیل کرنے پر توجہ دی جائے تو دوستانہ تاثر پیدا ہوگا اور پنجاب پولیس کو عوام کا دوست بننا ہے۔ ا وزیراعلیٰ نے کورس کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی خواتین پولیس اہلکاروں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔ ایڈیشنل آئی جی اظہر حمید کھوکھر اور کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ طارق چوہان نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ پاس آؤٹ ہونے والی خواتین پولیس اہلکاروں میں 316 کا تعلق پنجاب پولیس جبکہ 108 کا پنجاب ہائی وے پٹرولنگ سے ہے۔

عثمان بزدار

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کو ورثے میں تباہ حال معیشت ملی۔ ماضی کی حکومت نے اپنی نااہلی کے باعث قومی اداروں کو کنگال کیااور سابق حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوااورماضی میں فیصلے کرتے ہوئے عوامی مفادات کو فراموش کیا گیا۔وہ مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے گفتگو کررہے تھے ،جنہوں نے ان سے وزیراعلیٰ آفس میں ملاقات کی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان معیشت کو درست کرنے کیلئے مشکل فیصلے کر رہے ہیں اور یہ فیصلے پاکستان کے بہتر مستقبل کی بنیاد بنیں گے کیونکہ وزیراعظم عمران خان کا وژن پاکستان کے پر امن ، روشن اور خوشحال مستقبل کا ضامن ہے۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں اراکین قومی اسمبلی ظہور حسین قریشی، محمد افضل خان ڈھانڈلہ، احمد حسین ڈیہڑ، ملک محمد عامر ڈوگر، میاں محمد شفیق، صاحبزادہ محمد محبوب سلطان، محمد احمر سلطان، غلام بی بی بھروانہ، خرم شہزاد، رضا نصراللہ، سردار طالب نکئی، عمر اسلم خان، امجد علی خان، راجہ ریاض، فیض اللہ، شنیلا روتھ، صوبائی وزیر محمد آصف نکئی،معاون خصوصی عمر فاروق، اراکین صوبائی اسمبلی سید عباس علی شاہ ،غضنفر عباس، لطیف نذر، شکیل شاہد اور پاکستان تحریک انصاف کی رہنما فردوس عاشق اعوان شامل تھیں۔ سردارعثمان بزدارکی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا ،جس میں رواں مالی سال کے بجٹ اورترقیاتی پروگرام کے حوالے سے تجاویز کا جائزہ لیاگیا۔ تحریک انصا ف کی پنجاب حکومت 16اکتوبر کو رواں مالی سال کے 8ماہ کابجٹ پیش کریگی۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پہلے بجٹ میں صوبے کے عوام کو تبدیلی نظر آنی چاہیے۔غیر حقیقت پسندانہ ترقیاتی ہدف مقرر نہیں کیا جائے گابلکہ ہمارا ترقیاتی پروگرام صوبے کے عوام کی ضروریات کے مطابق ہوگا۔

وزیراعلیٰ پنجاب

مزید : صفحہ اول