معیشت کی بحالی ‘ بھاری قرضوں سے نجات حکومت کیلئے بڑا چیلنج ‘ ظہیر الدین علیزئی

معیشت کی بحالی ‘ بھاری قرضوں سے نجات حکومت کیلئے بڑا چیلنج ‘ ظہیر الدین ...

ملتان(نیوز رپورٹر)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی چیئرمین خواجہ سلیمان صدیقی نے کہاہے کہ ملک اس وقت مشکل ترین معاشی حالات سے گزر رہا ہے ایسی صورتحال میں ہمت و حوصلہ ہارنے کی بجائے حکومت فہم و فراست کا مظاہرہ کرتے ہوئے معاشی ماہرین کی مشاورت سے(بقیہ نمبر13صفحہ12پر )

ایسی معاشی پالیسیاں ترتیب دے کہ جس سے نہ صرف قوم کو ریلیف ملے بلکہ بھاری غیر ملکی قرضوں سے بھی نجات ممکن ہوسکے، تاجر برادری ملکی معیشت کو بھنور سے نکالنے کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے تیار ہے، ضرورت اس امر ہے کہ تاجر برادری کو حکومت مشاورتی عمل میں شامل کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمن تاجران بزنس سٹی پلازہ بوسن روڈ کے عہدیداران کی تقریب حلف برداری سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا جبکہ ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب ظہیر الدین خان علیزئی مہمان خصوصی تھے اور صدر انجمن تاجران جنوبی پنجاب شیخ جاوید اختر، چیئرمین رابطہ امور جنوبی پنجاب فہد اسحاق سانگی، ضلعی صدر سید جعفر شاہ، سٹی صدر عارف فصیح اللہ، سٹی چیئرمین خالد محمود قریشی، مرزا نعیم بیگ اور میڈیا ایڈوائزر شاہد محمود انصاری مہمانان گرامی تھے۔ اس موقع پر سید توصیف شاہ، میاں احسان اللہ، زوہیر صادق، شیخ محمد افضل، چوہدری ناصر، کامران فاروق انصاری، ریاض رحمانی، ملک نیاز، وقار محمود، فہد اسحاق سانگی، اظہر خان بلوچ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی ظہیر الدین خان علیزئی نے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سابق ادوار کی حکومتوں نے ملکی معیشت کو تباہی کے دہانے لا کھڑا کردیاہے یہی وجہ ہے کہ آج معیشت کی بحالی اور بھاری قرضوں سے جان چھڑانا ایک بہت بڑا چیلنج بن چکا ہے لیکن حکومت ان تمام چیلنجز سے نبرو آزما ہونے کیلئے عملی اقدامات کے ساتھ ساتھ قوم کو ریلیف دینے کیلئے ٹھوس پالیسیاں وضع کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھاری بھرکم غیر ملکی قرضوں کو مال غنیمت سمجھ کر سابق حکمرانوں نے اس طرح اڑایا اور غیر ضروری منصوبہ جات بناکر پوری قوم کو اربوں ڈالر کے قرضوں کے بوجھ تلے دبوچ دیا، وزیر اعظم عمران خان اور ان کی پوری ٹیم ان تمام تر معاشی ابتری کے حالات کے خاتمے کیلئے قومی تقاضوں کے عین مطابق پالیسیاں مرتب دے رہے ہیں۔ آل پاکستان انجمن تاجران جنوبی پنجاب کے صدر شیخ جاوید اختر ، چیئرمین فہد اسحاق سانگی، خالد محمود قریشی، سید جعفر شاہ، عارف فصیح اللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری خواجہ سلیمان صدیقی کی قیادت میں متحد ہے اور تاجروں کے مفادات کا سودا کرنے والے اور تاجر برادری پر ود ہولڈنگ ٹیکس کا نفاذ کرانے والے آج منہ چھپاتے پھر رہے ہیں ، تاجر مفادات کو نظر انداز کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں اور اب کسی کو بھی تاجروں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔اس موقع پر انجمن تاجران بزنس سٹی پلازہ کے عہدیداران سرپرست اعلیٰ اظہر خان، چیئرمین سید توصیف شاہ، صدر میاں احسان اللہ، سینئر نائب صدر شیخ محمد افضل، نائب صدور چوہدری ناصر، کامران فاروق انصاری، جنرل سیکرٹری زوہیر صادق، فنانس سیکرٹری ریاض رحمانی، جوائنٹ سیکرٹری ملک نیاز، سیکرٹری انفارمیشن وقار محمود سے مرکزی چیئرمین خواجہ سلیمان صدیقی، ایم پی اے ظہیر الدین خان علیزئی، شیخ جاوید اختر، عارف فصیح اللہ ، سید جعفر شاہ ، خالد محمود قریشی نے حلف لیا۔

علیزئی

مزید : ملتان صفحہ آخر