کوہاٹ میں گراں فروشوں کیخلاف کارروائی ،متعدد کیخلاف مقدمات درج

کوہاٹ میں گراں فروشوں کیخلاف کارروائی ،متعدد کیخلاف مقدمات درج

کوہاٹ (بیورورپورٹ)ضلعی انتظامیہ کوہاٹ نے مختلف بازاروں میں کریانہ مرچنٹس، کباب،سبزی اور پھل فروشوں اور کئی بیکنگ یونٹس پر چھاپوں کے علاوہ یونیورسٹی روڈ پراینٹی انکروچمنٹ ڈرائیوکے دوران کارروائی میں متعلقہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے پرکئی افراد کے خلاف مقدمات درج کردئیے اوربعض کو موقع پر جرمانہ بھی کردیا۔تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر کوہاٹ عباس خان آفریدی نے ڈپٹی کمشنر خالد الیاس کی ہدایت پریونیورسٹی روڈپر پی اے ایف بیس کے نزدیک اینٹی انکروچمنٹ ڈرائیوکے دوران تجاوزات ہٹانے کے علاوہ 11افراد کو موقع پر جرمانہ بھی کردیا۔اسی طرح پھلوں اور سبزیوں کے دکانوں پر چھاپے کے دوران سرکاری نرخنامہ سے زائد قیمتیں وصول کرنے پر انہوں نے 5دکانداروں پر جرمانہ عائد کر دیا۔عباس آفریدی نے مختلف بیکریوں کے بیکنگ یونٹس کو بھی دورہ کیا انہوں نے صفائی کی ناقص صورتحال اور غیر معیاری اشیاء تیار کرنے پر ان کے کیس حلال فوڈ اتھارٹی کو ارسال کردئیے۔انہوں نے بروزناغہ کباب فروخت کرنے پر بھی کئی کباب فروشوں کو جرمانہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے 15دکانوں کے گرین لائسنس بھی چیک کئے تاہم ان سب کو اپ ڈیٹ پایا۔ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نے تمام دکانداروں کو متنبہ کیا کہ وہ مہنگائی اور بلیک مارکیٹنگ سے گریز کریں اور عوام کو اشیائے خوردونوش کی مقررہ نرخوں پر فراہمی یقینی بنائیں بصورت دیگر سخت کارروائی کے لئے تیار ہوجائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو ریلیف دینے کے لئے چھاپوں کا یہ سلسلہ اسی طرح جاری رہے گا۔

مزید : پشاورصفحہ آخر