تھر میں بچوں کی مسلسل اموات حکومتی نا اہلی ہے،ممتاز سہتو

تھر میں بچوں کی مسلسل اموات حکومتی نا اہلی ہے،ممتاز سہتو

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری ممتاز حسین سہتو ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ تھر میں بچوں کی مسلسل اموات حکومتی نا اہلی اور کرپشن کا نتیجہ ہے۔تھر کے قحط متاثرین میں سندھ حکومت کی جانب سے مفت تقسیم کیلئے فراہم کردہ گندم میں مٹی اور کچرے کی ملاوٹ کی خبریں سامنے آنا قحط زدہ عوام کے زخموں پر نمک پاشی اور حکومتی بے حسی کی انتہا ہے۔ انہوں نے آج ایک بیان میں کہا کہ میڈیا وعوامی احتجاج اور سپریم کورٹ کے ازخود نوٹس کے باوجود تھر میں قحط کی صورتحال سمیت بچوں کی اموات کا تسلسل حکومت کی عدم توجہی اور کرپشن کا نتیجہ ہے۔صرف رواں سال 500 کے قریب معصوم بچے غذائی قلت و طبی سہولیات کی وجہ سے فوت ہو چکے ہیں مگرحکمرانوں کے کانوں پرجون تک نہیں رینگتی۔ سندھ میں پیپلز پارٹی کی گذشتہ دس سال سے بر سر اقتدار حکومت ہونے کے باوجود تھر کے مسائل کو مستقل بنیاد پر حل کرنے کے بجائے صاف پانی کے آر او پلانٹ لگانے سے لیکر گندم تقسیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی کو کرپشن کا ذریعہ بنا لیا گیا ہے۔ دس سالوں میں پیپلز پارٹی کی حکومت تھر میں اگر سنجیدہ ،کرپشن فری اور مستقل بنیادوں پر اقدامات کرتی تو آج یہ صورتحال نہ ہوتی۔ تمام تر حکومتی دعووں کے باوجود صورتحال جوں کی توں ہے۔ اسلئے حکومت نمائشی اقدامات کی بجائے انسانی ہمدردی کے ناتے بچوں کی اموات اور تھر کو قحط کی صورتحال سے نجات دلانے کیلئے سنجیدہ، کرپشن فری اور مستقل بنیادوں پر اقدامات کرے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر