پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایو ں میں اضافہ نہیں ہوا،کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد

پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایو ں میں اضافہ نہیں ہوا،کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ارشاد بخاری نے کہا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ فی الحال نہیں ہوا تاہم مہنگائی میں اضافے کے باعث ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ ناگزیر ہو چکا ہے۔ میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہاکہ پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 5 سے 10 روپے تک اضافہ ہو سکتا ہے۔ 2011 سے لے کر اب تک 7 سال میں پبلک ٹرانسپورٹ میں اضافہ نہیں ہوا۔ بعض ٹرانسپورٹرز نے خود ساختہ کرایہ بڑھایا ہے۔ رکشہ، چنگچی رکشہ ڈرائیورز من مانے کرائے وصول کر رہے ہیں جس کا دیکھا دیکھی کوچز، منی بسوں اور بسوں کے ٹرانسپورٹرز نے بھی کرایہ بڑھا دیا ہے۔ سی این جی، پیٹرول مصنوعات اور مہنگائی کے باعث پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ کیا گیا۔ ایک سوال کے جواب میں ارشاد بخاری نے کہاکہ پبلک ٹرانسپورٹ پہلے کے مقابلے میں کم ہو چکی ہے، 36 ہزار کوچز کی جگہ 16 ہزار کوچز اب چل رہی ہیں جبکہ منی بسیں 51 ہزار کی جگہ 33 ہزار۔ اسی طرح بسیں 8 ہزار کراچی میں چل رہی ہیں۔ جلا گھیرا کے واقعات اور دیگر مسائل کے باعث ٹرانسپورٹرز نئی گاڑیاں سڑکوں پر نہیں لارہے ہیں۔ گرین بس سروس سے پبلک ٹرانسپورٹ پر کوئی اثر نہیں پڑے گا حکومت سندھ بھی پبلک ٹرانسپورٹ کے بحران پر کوئی بات نہیں کررہی ہے۔ ہم نے نئی بسیں لانے کے لیے فارمولا دیا تھا اور 30 سے 60، 70 روپے کرایہ کی تجاویز دی تھی پیپلز پارٹی کے پچھلے دور میں چند ایئرکنڈیشن بسیں سڑکوں پر لائی گئیں تاہم ہماری پیشکش کا کوئی جواب نہیں دیا گیا۔ کرایوں میں اضافے کے لیے نئے سیکرٹری ٹرانسپورٹ منصور عباس سے بات کریں گے۔