باریاں لینے والوں نے ایوان اقتدار میں منہ کی کھائی، خرم شیر زمان

باریاں لینے والوں نے ایوان اقتدار میں منہ کی کھائی، خرم شیر زمان

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف منوں ٹنوں مسائل کے انبار کو ختم کرنے نکلی ہے جو پانچ سال میں پیدا نہیں ہوئے تھے۔ مسائل حل کرنے میں دیر لگتی ہے تو اسے ناکامی کہہ دیا جاتا ہے۔ آج سالہا سال حکومت کرکے ناکام ہونے والے ہمیں حکومت سکھا رہے ہیں۔ حکومت سیکھنی ہی ہے تو کامیاب لوگوں سے سیکھیں گے۔ انہوں نے یہ باتیں پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہاؤس‘‘ کراچی سے جاری کردہ اپنے بیان میں کہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ باریوں پر باریاں لینے والوں نے ایوان اقتدار میں منہ کی کھائی۔ عوام نے انہیں انتخابات میں سبق سکھا کر کہیں کا نہیں چھوڑا۔ اب منہ چھپانے کی بجائے ہمارے استاد بننے کی کوشش میں ہیں۔ اگر ہم نے انہیں استاد تسلیم کر لیا تو ہمارا بھی وہی حال ہوگا جو ان کا ہوا تھا۔ تحریک انصاف کراچی سمیت پورے ملک کے مسائل حل کرے گی۔ ہمیں اپنے تمام وعدے یاد ہیں۔ ہم ان وعدوں کو نبھانے کے لیے ہی اقتدار میں آئے ہیں۔ عوام ہمارے ساتھ اور ہم عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ دکھ سکھ اور پریشانی سب پر آتی ہے۔ یہ مشکل وقت بھی کٹ جائے گا اور خوشحالی آئے گی۔ تحریک انصاف عوام کے ساتھ مخلص ہے اور عوام ہماری مشکلات سمجھ رہے ہیں۔ بہت جلد تاریکی کی یہ شب ختم ہوگی اور انصاف کا سورج طلوع ہوگا۔ کراچی اور پاکستان اتنی تیزی سے ترقی کرے گا کہ مخالفین دیکھتے رہ جائیں گے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر