پاکستان ایمپلائمنٹ فورم کویت کے زیر اہتمام جذبہ تعمیر وطن پروگرام

پاکستان ایمپلائمنٹ فورم کویت کے زیر اہتمام جذبہ تعمیر وطن پروگرام
پاکستان ایمپلائمنٹ فورم کویت کے زیر اہتمام جذبہ تعمیر وطن پروگرام

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کویت (محمد عرفان شفیق)  دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیم کے حوالے سے پاکستان ایمپلائمنٹ فورم کویت کے زیر اہتمام  سفارتخانہ پاکستان کے زیر سرپرستی " جذبہ تعمیر وطن پروگرام " قائداعظم آڈیٹوریم سفارتخانہ پاکستان کویت میں منعقد ہوا،  جس میں کثیر تعداد میں پاکستانی فیملیز نے شرکت کی۔ اس قومی اور ملی پروگرام کے مہمان خصوصی سفارتخانہ پاکستان کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی ڈاکٹر عمر جاوید تھے۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جسکی سعادت قاری عبد الغفور نے حاصل کی، حمد باری تعالٰی روبیلہ غزل اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم سرور حسین نقشبندی نے پیش کی جبکہ نظامت کے فرائض معروف کمپیئر سہیل یوسف نے سر انجام دیے۔ اسکے بعد کویت اور پاکستان کے قومی ترانے پیش کیے گئے جبکہ پاکستان ایمپلائمنٹ فورم کویت کے جنرل سیکرٹری محمد عرفان شفیق نے سپاسنامہ اور پروگرام کی غرض و غایت بیان کی.


 تقریب میں   وزیراعظم پاکستان عمران خان اور چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار کا ڈیمز کی تعمیر کے حوالے سے ویڈیو پیغام سنایا گیا۔  وطن کیلئے منظوم کلام  فائزہ صدیقی جبکہ خوبصورت انداز میں ملی نغمہ نبیل نے پیش کیا۔  پانی بچاو کا شعور اجاگر کرنے کے لیے ویڈیوز پیش کی گئیں جبکہ پاکستان انٹرنیشنل سکول خیطان کے طلبہ نے خوب صورت ایکٹ پیش کیا۔
پاکستان ایمپلائمنٹ فورم کویت کے نائب صدر انور علی نے احسن طریقے سے فورم کا تعارف اور کارکردگی پیش کی اور کہا کہ پاکستان ایمپلائمنٹ فورم کویت ہم وطنوں کو حصول روزگار میں بہترین رہنمائی اور معاونت فراہم کر رہا ہے اور سینکڑوں بے روزگار افراد اس فورم کی وجہ سے ملازمت حاصل کر چکے ہیں۔  جذبہ تعمیر وطن پروگرام کے مہمان خصوصی ڈاکٹر عمر جاوید نے خطاب کرتے ہوے کہا کہ میں پاکستان ایمپلائمنٹ فورم کویت کی ٹیم کو دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے حوالے سے انتہائی کامیاب اور موثر پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ 

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایمپلائمنٹ فورم کویت پہلی تنظیم ہے جس نے اس حوالے سے سفارتخانہ پاکستان میں پروگرام کا انعقاد کیا ہے اور تعمیر وطن کے حوالے سے آپ سب کا جذبہ قابل تحسین ہے۔ پاکستان ایمپلائمنٹ فورم کویت کے بانی وصدر محمد عرفان عادل نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جذبہ تعمیر وطن پروگرام کے انعقاد میں خصوصی تعاون پر ہم سفارتخانہ پاکستان کے شکر گزار ہیں اور دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے حوالے سے پاکستان ایمپلائمنٹ فورم کویت کی ٹیم اپنا کردار احسن طریقے سے ادا کر رہی ہے اور آج کے کامیاب پروگرام کا سہرا بھی اس ٹیم کے سر ہے۔  انہوں نے تمام شرکاء سے کہا کہ ڈیمز کی تعمیر وطن کے مستقبل کے ناگزیر ہے اور  ان پروجیکٹس میں عطیہ کرنا صدقہ جاريہ ہے اوراس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔  تمام حاضرین نے اس اپیل پر دل کھول کر عطیات دیئے اور اس طرح قطرہ قطرہ کرتے ہوئے ایک خطیر رقم جمع ہوئی۔  


پروگرام میں اس وقت ایک روح پرور اور دل کو موہ لینے والی کیفیت پیدا ہوئی جب ایک ننھی سی بچی نے اپنا پورا منی باکس ڈیم کے لیے  عطیہ کر دیا جسے  تمام شرکاء نے خوب سراہا۔  آخر میں ملک کویت اور پاکستان کی سلامتی کے لیے خصوصی  دعا کرائی گئی  اور مہمانوں کی تواضع عشائیے سے کی گئی۔

مزید :

عرب دنیا -