یہ عام روزمرہ کی غذائیں آپ کو شوگر جیسی مہلک بیماری سے محفوظ رکھتی ہے۔۔۔ ایسی کون سی چیزیں ہیں؟ جانئے
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) ذیابیطس ایسا مہلک مرض ہے کہ ایک بار لاحق ہو جائے تو تمام عمر اس سے جان چھڑانا مشکل ہو جاتا ہے تاہم اب سائنسدانوں نے نئی تحقیق میں کھانے کی کچھ ایسی اشیاءبتا دی ہیں جن کے ذریعے اس مرض سے حتی الامکان بچا جا سکتا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق یونیورسٹی آف کیمبرج کے سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ ”چکنائی سے بھرپور ڈیری مصنوعات، بالخصوص پنیر، دہی اور مکھن دوسری قسم کی ذیابیطس لاحق ہونے کے امکانات کو کم کرنے میں انتہائی معاون ثابت ہوتی ہیں۔“
اس تحقیق میں سائنسدانوں نے گزشتہ 20سالوں میں 63ہزار 600افراد پر کی جانے والی16مختلف تحقیقات کے نتائج کا تجزیہ کیا۔ یہ تمام تحقیقات انسانی صحت پر ڈیری مصنوعات کے اثرات پر کی گئی تھیں۔اس تجزیئے میں معلوم ہوا کہ ان 20سالوں میں ان افراد میں سے جو لوگ ڈیری مصنوعات استعمال کرتے رہے ان میں سے بہت کم لوگوں کو دوسری قسم کی ذیابیطس لاحق ہوئی اور جو لوگ ڈیری مصنوعات سے اجتناب برتتے رہے ان میں اس مرض کے مریضوں کی تعداد بہت نمایاں تھی۔
تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر فیومیکی امیمورا کا کہنا تھا کہ ”حالیہ سالوں میں ایل ڈی ایل کولیسٹرول اور دیگر ایسے عارضوں کے پیش نظر چکنائی کی حامل ڈیری مصنوعات کی حوصلہ شکنی کی جارہی ہے لیکن ہماری تحقیق میں کئی عالمی شواہد دستیاب ہوئے ہیں جن سے ثابت ہوا ہے کہ ان مصنوعات میں شامل کیلشیئم، پوٹاشیئم، میگنیشیئم، وٹامنز کے1اور کے 2اور دہی میں پائے جانے والے پروبائیوٹکس صحت کے لیے ازحد ضروری ہوتے ہیں۔“ واضح رہے کہ کینیڈا کی مک ماسٹر یونیورسٹی نے گزشتہ ماہ اپنی تحقیق میں ڈیری مصنوعات کو دل کی بیماریوں کے حوالے سے بھی انتہائی مفید قرار دیا ہے۔ اس تحقیق کے نتائج میں بتایا گیا تھا کہ دودھ کے تین گلاس، دہی کے تین کپ یا مکھن کے تین چمچ بھی دل کی بیماریوں کو لاحق ہونے کے امکانات میں خاصی کمی کر دیتے ہیں۔