گوگل نے ایسا فون متعارف کرانے کا اعلان کردیا جو آپ کو غیر ضروری کالوں سے بچا لے گا، لیکن کیسے؟ جانئے

گوگل نے ایسا فون متعارف کرانے کا اعلان کردیا جو آپ کو غیر ضروری کالوں سے بچا ...
گوگل نے ایسا فون متعارف کرانے کا اعلان کردیا جو آپ کو غیر ضروری کالوں سے بچا لے گا، لیکن کیسے؟ جانئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) آپ میں سے ہر کوئی مارکیٹنگ فون کالز سے عاجز ہو گا، جو وقت بے وقت کال کرکے لوگوں کو تنگ کرتے رہتے ہیں۔ اب گوگل نے نیا سمارٹ فون ماڈل پکسل تھری متعارف کروایا ہے جس میں ایک ایسا فیچر ہے کہ صارفین کو ان ٹیلی مارکیٹرز سے نجات مل جائے گی۔ میل آن لائن کے مطابق پکسل تھری میں گوگل نے ”سکرین کال“ نامی ایک فیچر متعارف کروایا ہے۔ جب اس فون پر کسی صارف کو کال آئے گی تو سکرین پر ایک ’سکرین کال آئیکن‘ بھی نمودار ہو جائے گی۔ اگر وہ نمبر ٹیلی مارکیٹنگ کرنے والے کسی شخص کا ہوا تو صارف اس آئیکن کو دبا دے گا اور آئندہ اس نمبر سے کال نہیں آئے گی۔
اس فیچر کے ذریعے کالز کو Spamکے طور پر رپورٹ بھی کیا جا سکتا ہے اور ان لوگوں کی کالز بھی بند کی جا سکتی ہیں جن سے آپ بات نہیں کرنا چاہتے۔گوگل ہارڈویئر کے سینئر نائب صدر رِک اوسٹرلو نے پکسل تھری کی تعارفی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ”ہم اپنے صارفین کے تحفظ ، خوشی اور سکون کو بہت سنجیدگی سے لیتے ہیں۔چنانچہ پکسل تھری میں سکرین کال کے ساتھ ساتھ ایسے فیچرز بھی رکھے گئے ہیں جن کے ذریعے یہ فون مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتے ہوئے خودبخود کال ریسیو کر سکتا ہے اور اگر صارف مصروف ہو تو اسے آنے والے پیغامات بھی پڑھ کر سنا سکتا ہے۔“


واضح رہے کہ پکسل تھری کی قیمت799ڈالر (تقریباً98ہزار روپے) رکھی گئی ہے۔ گوگل نے اس ماڈل کے ساتھ پکسل تھری ایکس ایل ماڈل بھی متعارف کرایا ہے، جو انہی خصوصیات اور فیچرزکا حامل ہے۔ اس کی قیمت 899ڈالر(تقریباً 1لاکھ 10ہزار روپے) رکھی گئی ہے۔ یہ دونوں ماڈلز تین رنگوں سیاہ، سفید اور گلابی میں دستیاب ہیں۔ پکسل تھری کا ڈسپلے سائز 5.5انچ جبکہ پکسل تھری ایکس ایل کا ڈسپلے سائز 6.3انچ ہے۔